پہاڑی علاقوں میں برفباری اور ٹھنڈی ہواؤں سے سردی میں اضافہ کے آثار، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

راجدھانی دہلی میں رات کا درجہ حرارت 7 سے 8 ڈگری تک چلے جانے کا امکان ہے۔ مہاراشٹر، بنگال اور بہار سمیت مختلف ریاستوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سردی کی علامتی تصویر</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ملک کے مختلف حصوں کے لیے پیش گوئی کرتے ہوئے شمالی ہند میں سرد لہر کے بڑھنے کا امکان ظاہر کیا ہے تو جنوبی ہند اور مغربی ہند میں ہلکی بارش اور بادل چھائے رہنے کی بات کہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی، اتر پردیش، پنجاب، ہریانہ اور راجستھان میں کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی جائے گی۔ خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے سرد لہر کے آثار ہیں۔ راجدھانی دہلی میں آج دن میں موسم صاف رہے گا لیکن رات کا درجہ حرارت 7 سے 8 ڈگری تک چلے جانے کا امکان ہے۔

آئی ایم ڈی کی رپورٹ کے مطابق ہماچل پردیش میں سرد لہر جاری ہے۔ منگل کو زیادہ تر مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت معمول سے تین سے پانچ ڈگری نیچے درج کیا گیا جبکہ کچھ علاقوں میں ہلکی برفباری بھی ہوئی۔ بدھ کو بھی ایسا ہی موسم رہنے کا امکان ہے۔ لاہول-اسپیتی کا تابو سب سے ٹھنڈا مقام رہا، یہاں کم سے کم درجہ حرارت صفر سے ساڑھے بارہ ڈگری نیچے درج کیا گیا۔

وسطی ہندوستان کی ریاستوں جیسے مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ میں موسم ٹھنڈا رہے گا۔ یہاں پر دن میں جزوی طور پر بادل چھائے رہ سکتے ہیں اور رات میں درجہ حرارت میں گراوٹ آ سکتی ہے۔ ناگپور اور بھوپال میں ہلکی بارش کے آثار ہیں۔ جنوبی ہند کی ریاستوں تمل ناڈو، کرناٹک اور کیرالہ میں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔ وہیں ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ چنئی اور بنگلور میں درجہ حرارت 20 سے 25 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہ سکتا ہے۔


مہاراشٹر، گجرات اور راجستھان کے کچھ حصوں میں بھی ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ گجرات اور مہاراشٹر کے ساحلی علاقوں میں بارش کے آثار زیادہ ہیں۔ وہیں ممبئی میں آج بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔ یہاں درجہ حرارت 22 سے 30 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہ سکتا ہے۔

اوڈیشہ، مغربی بنگال اور بہار میں جزوی طور سے بادل چھائے رہیں گے۔ بہار اور بنگال کے کچھ حصوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ شمال مشرقی ہند کی ریاستوں میں ہلکی بارش اور آندھی طوفان کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش اور منی پورمیں دن بھر بادل چھائے رہ سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔