کمبھ میں اسنان کرنے والوں پر یوگی نے ہیلی کاپٹر سے کروائی پھولوں کی بارش

ناگا سنیاسیوں کے سنگم کے کنارے پہنچتے ہی آسمان سے ہیلی کاپٹر نے گلاب، گیندا ور دوسرے پھولوں کی بارش شروع کردی گئی اور یہ عمل کئی مرتبہ دہرایا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

الہ آباد: یوگی حکومت نے اس مرتبہ کمبھ ملیے کو مذہبی رنگ میں خوب رنگا ہے اور اکثریتی طبقہ کو یہ دکھانے کی کوشش کی ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ ہی ہندوؤں کے اصل رہنما ہیں، کمبھ میلہ، گنگا، جمنا اور غیر مرئی سروستی کے سنگم میں تیسرے اور آخری شاہی اسنان کے موقع پر ناگا سادھو، سنیاسیوں کے جلوس پر آسمان سے ہیلی کاپٹر سے پھولوں کی بارش کی گئی۔

اس سے قبل مکر سنکرانتی کے پہلے شاہی اسنان کے بعد مونی اماوسیہ کے دوسرے سب سے بڑے شاہی اسنان پر بھی ناگا سادھو، سنیاسیوں اور اسنان کرنے والوں پر ہیلی کاپٹر سے پھولوں کی بارش کروائی گئی تھی۔ اس وقت ہیلی کاپٹر سے چار چکر لگوا کر پھولوں کی بارش کرائی گئی تھی۔

ناگا سنیاسیوں کے سنگم کے کنارے پہنچتے ہی آسمان سے ہیلی کاپٹر نے گلاب، گیندا ور دوسرے پھولوں کی بارش شروع کردی۔ یہ عمل کئی مرتبہ دہرایا گیا۔

دریں اثنا الہ آباد میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ بسنت پنچمی پر تیسرے اور آخری شاہی اسنان کے موقع پر انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس) اور قومی سیکورٹی گارڈ (این ایس جی) سمیت دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے سخت انتظامات کے درمیان علیٰ الصباح حسب روایت شروع ہو گیا۔

علیٰ الصباح سنگم کی ریت پر زائرین کا سیلاب امنڈ پڑا۔ زائرین کئی کئی کلومیٹر کا پیدل سفر کرکے تیرتھ راج تروینی گنگا، جمنا اور غیر مرئی سرسوتی کے کنارے پہنچے۔ زائرین نے سنیچر کی رات سے ہی آستھا کی غوطہ زنی شروع کر دی تھی۔ جوتشیوں کے مطابق بسنت پنچمی اسنان کا مہورت سنیچر کی صبح 08:55 بجے سے اتوار کی صبح 10 بجے تک ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔