یو پی: چائے میں شکر کم ڈالنے کی دردناک سزا، شوہر نے بیوی کا کیا قتل

اتر پردیش میں ایک حیران کرنے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں چائے میں چینی کم ہونے کی وجہ سے 40 سالہ شخص نے اپنی حاملہ بیوی کا بے رحمی سے قتل کر دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری ضلع واقع بربر علاقہ میں حیران کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق محض ایک کپ چائے کو لے کر 40 سالہ شخص نے اپنی حاملہ بیوی کا بے رحمی سے قتل کر دیا۔ یہ واقعہ پیر کے روز کا ہے جب ببلو کمار نے غصے میں آ کر اپنی بیوی کا قتل کر دیا۔ وجہ صرف اتنی تھی کہ شوہر نے ایک کپ چائے بنانے کے لیے کہا اور اس چائے میں بیوی نے شکر کچھ کم ڈالی تھی۔ اس غلطی کی سزا 35 سالہ رینو کو یہ ملی کا بے رحمی سے پٹائی کے بعد اس کا گلا کاٹ دیا گیا۔

ببلو کمار کے غصے اور بیوی پر چیخنے کی آواز سن کر کمرے میں سوئے ان کے تین بچے جاگ گئے، لیکن جب تک وہ رسوئی میں پہنچے ان کی ماں خون سے لت پت پڑی تھی اور سانس لینے کے لیے جدوجہد کر رہی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ ببلو نے تقریباً 12 سال پہلے رینو سے شادی کی تھی اور اس کے تین بچے تھے۔ اس وقت بھی وہ حاملہ تھی جب گلا کاٹ کر شوہر نے اس کا قتل کر دیا۔


رینو کے والد بدری پرساد کی شکایت پر ببلو کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 302 (قتل) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پسگوا پولس اسٹیشن کے ایس ایچ او راکیش کمار کا کہنا ہے کہ "چائے میں شکر کم ہونے پر شوہر-بیوی کی لڑائی ہوئی اور شوہر نے اپنی بیوی کی دھاردار چاقو سے قتل کر دیا۔ ہم نے قتل میں استعمال اسلحہ برآمد کر لیا ہے اور ملزم کو جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔ ہم اس کی گرفتاری کے لیے چھاپہ ماری کر رہے ہیں۔" پولس افسر نے مزید بتایا کہ بچے قتل کے گواہ ہیں اور ان کا درج کر لیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔