ہیمنت سورین کو جھٹکا! سپریم کورٹ کا درخواست پر سماعت کرنے سے انکار

ہیمنت سورین کو ای ڈی کی گرفتاری کے معاملے میں جمعہ کو سپریم کورٹ سے راحت نہیں ملی۔ سورین نے گرفتاری کو چیلنج کرتے ہوئے فوری سماعت کا مطالبہ کیا تھا

ہیمنت سورین اور سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
ہیمنت سورین اور سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: جھارکھنڈ کے کارگذار سی ایم ہیمنت سورین کو سپریم کورٹ سے بڑا جھٹکا لگا ہے۔ سپریم کورٹ نے ای ڈی کی گرفتاری کے معاملے میں انہیں راحت دینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ پہلے آپ کو ہائی کورٹ جانا چاہئے۔ ایسے میں اب ہیمنت سورین ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔

سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران جسٹس سنجیو کھنہ نے کہا، ’’آپ ہائی کورٹ کیوں نہیں جاتے؟ براہ کرم ہائی کورٹ جائیں۔ میرے ساتھی جج بھی اس سے متفق ہیں۔ ہم براہ راست سپریم کورٹ میں دائر اس درخواست کی سماعت نہیں کر سکتے۔ درخواست گزار ہائی کورٹ جانے کے لیے آزاد ہے۔‘‘


انہوں نے مزید کہا، ’’ہمیں بتایا گیا کہ ہائی کورٹ میں بھی یہی درخواست دائر کی گئی ہے، جو وہاں زیر التوا ہے۔ وہ وہاں اپنا نقطہ نظر پیش کریں۔ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں اگر کوئی ترمیم درکار ہو تو درخواست گزار اس کے لیے استدعا کر سکتا ہے۔‘‘

سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ ہائی کورٹ آپ کی درخواست پر جلد سماعت کرے۔ ہائی کورٹ بھی ایک آئینی عدالت ہے۔ اگر ہم براہ راست آپ کی بات سنیں تو ہم دوسروں سے کیسے انکار کر سکتے ہیں؟

واضح رہے کہ 31 جنوری کو ہیمنت سورین نے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ بعد ازاں بدھ کی شب انھیں منی لانڈرنگ معاملے میں ای ڈی نے گرفتار کر لیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ای ڈی نے آج (یکم فروری) جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو منی لانڈرنگ روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) عدالت میں پیش کیا۔ سخت سیکورٹی کے درمیان ان کی عدالت میں پیشی ہوئی ہے اور انہیں ایک دن کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔ ای ڈی کی تحویل میں لینے کی درخواست پر عدالت آج فیصلہ سنائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔