بھیا جی جوشی کے بیان پر شیو سینا برہم، کہا- ’بی جے پی کا دفاع کر رہی ہے آر ایس ایس‘

شیو سینا نے بھیا جی جوشی کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رام مندر معاملہ پر آر ایس ایس حکومت کی ڈھال بن کر کھڑی ہو گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

راشٹریہ سوم سیکوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سینئر رہنما سریش بھیا جی جوشی کے رام مندر تعمیر کے حوالہ سے دئے گئے بیان پر شیو سینا نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ شیو سینا نے آر ایس ایس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بی جے پی کے دفاع میں اتر گئی ہے۔

دراصل جمعرات کو بھیا جی جوشی نے ایک تقریب میں کہا تھا کہ مندر تعمیر 2025 میں ہوگا اور تعمیر کے بعد ملک ترقی کی راہ پر آگے بڑھے گا۔ جوشی نے کہا، ’’1952 میں سومناتھ مندر کے قیام کے ساتھ ملک تیز رفتار سے آگے بڑھا، 2025 میں رام جنم بھومی کے اوپر مندر بننے کے بعد پھر سے اس سمت کی جانب رفتار حاصل ہونے والی ہے۔ ایودھیا کے مندر تعمیر کے بعد ملک اگلے 150 سالوں کے لئے رقم حاصل کرے گا۔‘‘

میڈیا رپورٹوں کے مطابق شیو سینا نے بھیا جی جوشی کے اس بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’رام مندر معاملہ پر آر ایس ایس مودی حکومت کی ڈھال بن کر کھڑی ہو ئی ہے۔ رام مندر کو لے کر بھیا جی جوشی کا بیان ایک نیا جملہ ہے۔ بھیا جی جوشی یہ واضح کریں کہ 2025 مندر تعمیر کا کام ختم کرنے کی تاریخ ہے یا شروعات کرنے کی۔ اگر یہ تعمیر مکمل ہونے تاریخ ہے تو وہ بتائیں کہ تعمیر شروع کب ہوگی؟‘‘

شیو سینا کے رہنما اروند ساونت نے کہا، ’’کیا بھیا جی جوشی یہ کہنا چاہ رہے ہیں کہ ایک مرتبہ پھر حکومت چن کر انہیں دے دیں، اس کے بعد مندر بنے گا؟‘‘

بھیا جی جوشی کے بیان پر ہنگامہ اس لئے کھڑا ہو رہا ہے کیوں وہ آر ایس ایس کے رہنما ہیں اور دیگر آر ایس ایس رہنما حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ رام مندر تعمیر کے لئے حکومت کو آرڈیننس لے کر آنا چاہئے۔ لیکن اب ہندووادیوں کو یہ در ستا رہا ہے کہ آیا مندر تعمیر کے معاملہ کو کہیں 2025 تک تو نہیں لٹایا جائے گا!

حالانکہ بھیا جی جوشی نے بعد میں کہا، ’’مندر بنے یہ ہماری خواہش ہے۔ 2025 تک تعمیر مکمل ہو جانی چاہئے ہم یہ چاہتے ہیں۔ یہ حکومت کو طے کرنا ہے۔ 2025 میں تعمیر شروع کرنے کی بات نہیں ہے۔ اگر رام مندر کی تعمیر آج شروع ہو تو بھی وہ پانچ سالوں میں بنے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔