چٹکی بجاتے ہی باغی شیو سینکوں کے ای ڈی معاملوں پر قابو، ’سامنا‘ کے ذریعے بی جے پی پر طنز

’سامنا‘ اخبار میں لکھا ہے کہ کم از کم 7-8 لوگ ایسے ہیں جنہوں نے گوہاٹی یوگا کیمپ میں شرکت کی تھی، ان کے اوپر سے ای ڈی کی بلا ٹل گئی ہے۔

سامنا تصویر ٹوئٹر Saamana@SaamanaOnline
سامنا تصویر ٹوئٹر Saamana@SaamanaOnline
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں ایکناتھ شندے کے باغی رویہ کی وجہ سے ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت پر بحران کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ دریں اثنا، شیوسینا نے ریاست میں سیاسی بحران کو لے کر اپنے ترجمان اخبار ’سامنا‘ کے ذریعے بی جے پی پر طنز کیا ہے۔ ’سامنا ‘ کے اداریہ میں لکھا گیا ہے کہ اب پورے ہندوستان کو پتہ چل گیا ہے کہ آسام کے یوگا کیمپ میں تقریباً 40 یوگی کون اور کہاں سے ہیں۔ شیوسینا سے دور لائے گئے تقریباً 40 ایم ایل اے گوہاٹی میں ہیں۔ ریڈیسن بلیو کے یوگا کیمپ کے دروازے اور کھڑکیاں بند ہیں۔ کیمپ ’کوما‘ جیسی حالت میں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کشمیری پنڈتوں پر ہونے والے مظالم پر ان کو غصہ نہیں آ رہا، البتہ یہ ضرور ہے کہ انہیں بی جے پی کے سپرپاور ہونے کا اب نئے سرے سے احساس ہو رہا ہے۔

’سامنا‘ میں مزید لکھا ہے کہ کم از کم 7-8 لوگ جنہوں نے گوہاٹی یوگا کیمپ میں شرکت کی تھی، انہوں نے ای ڈی کا ’ای ڈی پی ڈی‘ کہہ کر مذاق اڑایا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اس میں سے سات آٹھ تو اب بالکل بھکت بن گئے ہیں۔ ’سامنا‘ کے ذریعے وزیر اعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مودی ہمارے قابل احترام وزیر اعظم ہیں اور یوگا کے فروغ میں ان کا بہت بڑا تعاون ہے۔ کبھی کبھی وہ کیدارناتھ جا کر مراقبہ اور غور و فکر کرتے ہیں، لیکن گوہاٹی کا مراقبہ اور غور و فکر مختلف ہے۔ کرائے کے لوگوں کو پکڑ کر بی جے پی ان کے منہ سے اپنی 'عظمت' کے نعرے لگوا رہی ہے۔


’سامنا‘ میں لکھا ہے کہ بی جے پی نے پاکستان کو سبق سکھایا، یہی بات گوہاٹی کے یوگا کیمپ کے سربراہ نے محسوس کی ہوگی، پھر ان کی نئی سپرپاور چین کو وہی سبق کیوں نہیں سکھاتی، جس نے ہماری ہزاروں مربع کلومیٹر زمین پر لداخ میں گھس کر قبضہ کرلیا ہے۔ یہ سپر پاور روس یوکرین جنگ میں ثالثی کا ڈرامہ کرتی ہے۔ لیکن ان لاتعداد مسائل کے تناظر میں جنہوں نے اپنے ملک میں ہنگامہ برپا کر رکھا ہے، وہاں ایک خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ اگنی ویر' بھرتی معاملے میں کئی ریاستوں میں نوجوانوں نے زبردست احتجاج کیا۔ سپر پاور اس میں ثالثی نہیں کر سکی۔ دنیا چڑھتے سورج کو سلام کرتی ہے لیکن گوہاٹی کے یوگا کیمپ میں ہر طرح سے اندھیرا ہے۔

سامنا میں مزید لکھا ہے کہ کشمیر میں ہندو پنڈتوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ کشمیر سے ہندوؤں کو ہجرت کرنا پڑی ہے، کیا یہی سپر پاور ہے؟ یہ مہاراشٹر کو تباہ کرنے کی سازش ہے۔ ریاست آسام میں جہاں یہ یوگا کیمپ چل رہا ہے وہاں سیلاب کی وجہ سے کہرام مچا ہوا ہے۔ لیکن آسام کے وزیراعلیٰ اپنی پوری سادھنا 'ریڈیسن بلیو' یوگا کیمپ پر لگائے ہوئے ہیں۔ گوہاٹی میں لگے اس یوگا کیمپ کی وجہ سے ملک کی پوری اپوزیشن متحد ہوگئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔