’مہاراشٹر سے گجراتیوں کو ہٹایا گیا تو...‘ گورنر کوشیاری کے بیان پر شیو سینا برہم، اسے مراٹھیوں کی توہین قرار دیا

شیو سینا کے سنجے راؤت نے گورنر کے بیان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اسپانسرڈ وزیر اعلیٰ کے اقتدار میں آتے ہی مراٹھیوں کی توہین کی جانے لگی، وزیر اعلیٰ شندے کم از کم گورنر کی مذمت کریں!

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری مہاراشٹر کے حوالہ سے ایک بیان دے کر بری طرح گھر گئے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے اپنے بیان سے باہری بمقابلہ مراٹھی کے مسئلہ کو پھر ہوا دے دی ہے۔ ممبئی کے اندھیری علاوہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اگر مہاراشٹر بالخصوص ممبئی اور ٹھانے سے گجراتیوں اور راجستھانیوں کو نکال دیا جاتا ہے تو یہاں کچھ بچے گا ہی نہیں اور ممبئی ملک کی اقتصادی راجدھانی بھی نہیں رہے گی۔ اب گورنر سے پوچھا جا رہا ہے کہ آیا وہ مراٹھیوں کو دوسری ریاستوں کے لوگوں سے کمتر سمجھتے ہیں؟

گونر کوشیاری کے بیان کی شیو سینا نے پر زور مخالفت کی ہے۔ پارٹی لیڈر سنجے راؤت نے اسے مراٹھیوں کے وقار سے وابستہ کرتے ہوئے ریاست کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے سوال پوچھا ہے اور ان سے گورنر کے بیان کی مذمت کرنے کو کہا ہے۔ بیان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سنجے راؤت نے لکھا کہ بی جے پی اسپانسرڈ وزیر اعلیٰ کے اقتدار میں آتے ہی مراٹھیوں کی توہین کی جانے لگی، وزیر اعلیٰ شندے کم از کم گورنر کی مذمت کریں! یہ محنتی مراٹھیوں کی توہین ہے۔


انہوں نے کہا ’’گورنر کا مطلب صاف ہے کہ مہاراشٹر اور مراٹھی لوگ بھکاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ شندے کیا آپ سن رہے ہیں؟ یا پھر آپ کا مہاراشٹر علیحدہ ہے۔ اگر آپ کی عزت نفس باقی ہے تو گورنر سے استعفیٰ کا مطالبہ کریں۔‘‘

وہیں شیو سینا کی دوسری لیڈر پرینکا چترویدی نے ٹوئٹ کیا ’’یہ مہاراشٹر کے لوگوں اور مراٹھیوں کی محنت کی توہین ہے جو ریاست کو ملک کی سرکردہ ریاست بنانے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ گورنر کو فوری معافی مانگنی چاہیے، ایسا نہ کرنے پر ہم ان کے استعفی کا مطالبہ کریں گے۔‘‘

وہیں، کانگریس لیڈر سچن ساونت نے بھی گورنر کے بیان کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر کے گورنر کی طرف سے مراٹھیوں کی توہین افسوسناک ہے۔

خیال رہے کہ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے جمعہ کے روز اندھیری، ممبئی میں یہ بیان دیا، جہاں ایک چوک کا نام آنجہانی شانتی دیوی چمپالال جی کوٹھاری کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ وہ اس پروگرام میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے مارواڑی گجراتی برادری کی تعریف کی اور کہا کہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں، ہسپتال، اسکول بنا کر اس جگہ کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */