مہاراشٹر: سی ایم عہدہ کے لیے شیوسینا بضد، راؤت نے کہا ’’وزیر اعلیٰ تو ہماری ہی پارٹی سے ہوگا‘‘

اپنے ترجمان ’سامنا‘ میں شیو سینا نے شاہ اور فڑنویس کی ملاقات پر طنز کستے ہوئے کہا کہ فڑنویس ایسی جگہ سے لائف لائن لے رہے ہیں جہاں لوگ خود کی لائف لائن بچانے کے لیے ماسک لگا کر گھوم رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں انتخاب کے نتیجے آنے کے تقریباً 11 دن بعد بھی حکومت بنانے کو لے کر اٹھا پٹخ جاری ہے۔ ریاست مین وزیر اعلیٰ عہدہ کے لیے پینچ اب بھی پھنسا ہوا ہے۔ شیو سینا نے ایک بار پھر صاف کر دیا ہے کہ وزیر اعلیٰ ان کی پارٹی سے ہی ہوگا۔ سنجے راؤت نے ایک بیان میں کہا کہ ’’مہاراشٹر میں وزیر اعلیٰ صرف شیوسینا سے ہی ہوگا۔ مہاراشٹر کی سیاست اور چہرہ دونوں ہی بدل رہے ہیں۔ جسے آپ (بی جے پی) ’ہنگامہ‘ کہتے ہیں، وہ ’ہنگامہ‘ نہیں ہے، بلکہ انصاف اور حقوق کے لیے جنگ ہے جس میں جیت ہماری ہوگی۔‘‘

واضح رہے کہ پیر کے روز سنجے راؤت نے مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کی اور حکومت تشکیل دینے سے متعلق صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ پیر کے روز ہی دیویندر فڑنویس نے بی جے پی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے بھی ملاقات کی تھی۔


دوسری طرف اپنے ترجمان ’سامنا‘ میں شیوسینا نے امت شاہ اور دیویندر فڑنویس کی ملاقات پر طنز کسا ہے۔ شیو سینا نے کہا کہ فڑنویس ایسی جگہ سے لائف لائن لے رہے ہیں جہاں لوگ خود کی لائف بچانے کے لیے ماسک لگا کر گھوم رہے ہیں۔ اس کے علاوہ دہلی کی آلودگی کو مدنظر رکھ کر شیوسینا نے ایک طنز بھی کسا ہے کہ ’’مہاراشٹر اسمبلی میں اکثریت حاصل کرنا، دہلی ائیر پورٹ پر زیرو ویجبلٹی میں پلین لینڈ کرنے جیسا ہے۔‘‘

قابل غور ہے کہ مہاراشٹر میں کسی بھی پارٹی کو اکثریت حاصل نہیں ہوئی ہے۔ بی جے پی اور شیوسینا نے آپس میں اتحاد کر کے انتخاب لڑا تھا اور اس اتحاد کو اکثریت حاصل ہو چکی ہے اس لیے قیاس لگائے جا رہے تھے کہ بہ آسانی حکومت تشکیل پا جائے گی، لیکن وزیر اعلیٰ عہدہ کو لے کر دونوں پارٹیوں میں تکرار شروع ہو گئی ہے۔


اُدھر پیر کے روز کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کرنے کے بعد این سی پی سربراہ شرد پوار نے کہا تھا کہ حکومت کی تشکیل کو لے کر نہ تو شیو سینا نے ان سے کوئی بات کی ہے اور نہ ہی انھوں نے شیو سینا سے اس بارے میں کوئی بات چیت کی ہے۔ شرد پوار نے کہا تھا کہ ہمارے پاس حکومت بنانے کے لیے نمبر نہیں ہے۔ حکومت کی تشکیل کے تعلق سے ہماری کوئی خاص گفتگو نہیں ہوئی ہے۔ ساتھ ہی شرد پوار نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’عوام نے ہمیں اپوزیشن میں بیٹھنے کا مینڈیٹ دیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔