شملہ: سڑک سے ندی میں جا گری اسکارپیو، 2 لوگوں کی موت، 2 زخمی، بچہ لاپتہ
نیروا سے تقریباً 15 کلومیٹر دور فیڈیز پُل راستے پر ٹنڈوری اور بتھال کے درمیان اسکارپیو سڑک سے 100 میٹر نیچے شالبی ندی میں جا گری۔ حادثے میں لاپتہ بچے کی تلاش جاری ہے۔

حادثہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
شملہ ضلع میں نیروا سے تقریباً 15 کلومیٹر دور فیڈیز پُل راستے پر ٹنڈوری اور بتھال کے درمیان ایک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں ہفتہ کی دیر شام ایک پنجاب نمبر کی اسکارپیو گاڑی شالوی ندی میں گر گئی۔ اس حادثے میں دو لوگوں کی موت ہو گئی ہے دو دیگر زخمی ہو گئے۔ وہیں ایک 10 سالہ بچہ لاپتہ ہے۔
بچے کی تلاش کے لیے پولیس اور مقامی لوگوں کی طرف سے سرش آپریشن جاری ہے لیکن ابھی تک اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق یہ لوگ نیروا میں ایک ستسنگ میں حصہ لینے کے لیے پہنچے تھے۔ نیروا سے 15 کلومیٹر دور ان کی گاڑی سڑک سے باہر ہوکر ندی میں جا گری۔
کار میں چار لوگ اور ایک بچہ سوار تھا۔ چاروں کو یہاں سے نیروا اسپتال پہنچایا گیا۔ اسپتال میں دو لوگوں نے دم توڑ دیا۔ مہلوک کی شناخت کمار سوچت (باشندہ تحصیل نیروا، ضلع شملہ)، گُرمیل لال (ضلع نواں شہر پنجاب) کے طور پر کی گئی ہے۔ وہیں زخمیوں کی پہچان 35 سالہ بلوندر ہربنس (لال گاؤں باڑ ماجرا، نواں شہر پنجاب)، 32 سالہ کیشو کمار (بیٹا نریندر کمار گاؤں بنگا نواں شہر پنجاب) کے طور پر کی گئی ہے۔ گاڑی سڑک سے تقریباً 80 سے 100 میٹر نیچے سیدھے شالبی ندی میں جا گری۔
گاڑی میں بلوندر کا بیٹا جس کی عمر 10 سال بتائی جا رہی ہے، حادثہ کے دوران پانی میں بہہ گیا۔ اس کی مسلسل پولیس اور دیگر لوگوں کی طرف سے ندی کے دونوں طرف تلاش کی جا رہی ہے لیکن ندی کی آبی سطح زیادہ ہونے کی وجہ سے اس کا کوئی سراغ نہیں مل پایا ہے۔ اس دوران تھانہ انچارج اپنی پولیس ٹیم اور مقامی لوگوں کے ساتھ موقع پر موجود رہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔