’شفٹ ختم، اب طیارہ نہیں اُڑے گا‘، وارانسی ایئرپورٹ پر ’ہائی وولٹیج ڈرامہ‘ پوری رات پھنسے رہے 179 مسافر

پائلٹ نے اپنی ڈیوٹی ختم ہونے کا حوالہ دے کر ہاتھ کھڑے کر دیئے تھے۔ اس خبر کے بعد مسافروں کا غصہ پھوٹ پڑا اورانہوں نے ایئرپورٹ پر جم کر ہنگامہ کیا۔ بعد میں انہیں پرسکون کر کے ہوٹل بھیجا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>انڈیگو / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

وارانسی کے لال بہادر شاستری بین الاقوامی ہوائی اڈے پر منگل کے روز انڈیگو ایئر لائنس کی کولکاتہ جانے والی پرواز کو منسوخ کر دیا گیا۔ کہرے کی وجہ سے کولکاتہ سے وارانسی آنے والی پرواز مقررہ وقت دوپہر 1 بجے کے بجائے شام 5 بجے پہنچی۔ تاخیر کی وجہ سے پائلٹ اور عملے نے ڈیوٹی ٹائم لمٹ (ایف ڈی ٹی ایل) ختم ہونے کی بات کہہ کر فلائٹ اڑانے سے منع کر دیا۔ جس کے نتیجے کے طور پر 179 مسافروں کو بورڈنگ پاس ملنے کے باوجود پوری رات ہوٹل میں گزارنی پڑی۔ ایئر لائن نے اگلے دن متبادل انتظام کر کے مسافروں کو کولکاتہ کے لیے روانہ کیا۔

بتایا جاتا ہے کہ وارانسی سے کولکاتہ جانے والے 179 مسافروں نے وقت پر پہنچ کر چیک ان کا عمل مکمل کر لیا تھا۔ تمام مسافر ہولڈ ایریا میں بیٹھ کر پرواز کے ٹیک آف کا انتظار کر رہے تھے، تبھی اچانک انہیں اطلاع ملی کہ پرواز منسوخ کر دی گئی ہے۔ پائلٹ نے اپنی ڈیوٹی ختم ہونے کا حوالہ دے کر ہاتھ کھڑے کر دیئے تھے۔ اس خبر کے بعد مسافروں کا غصہ پھوٹ پڑا اور انہوں نے ایئرپورٹ پر جم کر ہنگامہ کیا۔ بعد میں انہیں پرسکون کر کے ہوٹل بھیجا گیا۔


خبر کے مطابق منگل کے روز شدید کہرے کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا تھا۔ کولکاتہ سے وارانسی جانے والی پرواز پہلے ہی 4 گھنٹے تاخیر کا شکار تھی۔ شام 5:00 بجے جہاز کے لینڈ کرنے تک عملے کے ارکان کی شفٹیں ختم ہو چکی تھیں۔ حفاظتی ضوابط کے تحت تھکے ہوئے پائلٹ سے پرواز نہیں کرائی جا سکتی تھی جس سے ایئر لائن کو یہ سخت فیصلہ لینا پڑا۔

ایئر پورٹ ڈائریکٹر پونیت گپتا نے واضح کیا کہ پائلٹوں اور عملہ کے لئے ’ڈیوٹی ٹائم لمیٹیشن‘ (ایف ڈی ٹی ایل) اصول نافذ ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت متبادل پائلٹ اور کرو ممبرس دستیاب نہیں تھے جس کی وجہ سے طیارے کو گراؤنڈ کرنا پڑا۔ مسافروں کو ہونے والی تکلیف کے پیش نظر بدھ کو متبادل انتظامات کیے گئے اور تمام مسافروں کو ان کی منزل پر پہنچایا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔