شہلا رشید نے گڈکری اور آر ایس ایس پر اٹھائی انگلی، مودی کے قتل کی سازش کا الزام

جے این یو طلبا یونین کی سابق نائب صدر شہلا کے ٹوئٹ کے بعد نتن گڈکری نے ٹوئٹ کیا کہ غیر سماجی عناصر جو وزیر اعظم کے قتل کی سازش میں شامل ہونے کا الزام لگا رہے ہیں، ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی کی جان کو نکسلی تنظیم سے خطرہ ہونے کی خبر نے گزشتہ دنوں ہندوستانی سیاست میں ہنگامہ برپا کر دیا تھا لیکن اَب شہلا رشید نے مودی کے قتل کی سازش میں شامل ہونے کا الزام مرکزی وزیر نتن گڈکری اور آر ایس ایس پر لگا یا ہے۔ انھوں نے اس خدشہ کا اظہار اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر کیا ہے۔ جے این یو اسٹوڈنٹ یونین کی سابق نائب صدر شہلا رشید کے ذریعہ کیا گیا یہ ٹوئٹ تنازعہ کا شکار ہو گیا ہے۔ اس الزام کے بعد ناراض گڈکری نے قانونی کارروائی کرنے کی بات کہی ہے۔

اس پورے معاملے میں شہلا رشید اور گڈکری کے درمیان ٹوئٹر پر ہی جنگ شروع ہو گئی اور جہاں گڈکری نے اشاروں اشاروں میں شہلا کے خلاف آواز اٹھائی تو شہلا نے گڈکری کو برسرعام نشانہ بنایا۔ پہلا ٹوئٹ شہلا نے 9 جون کو کیا تھا جس میں انھوں نے لکھا تھا کہ ’’ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے آر ایس ایس/گڈکری وزیر اعظم نریندر مودی کے قتل کرنے کی سازش تیار کر رہے ہیں۔ پھر وہ مسلمانوں اور کمیونسٹوں پر الزام عائد کریں گے اور پھر مسلمانوں کی لنچنگ کریں گے۔‘‘

شہلا کے اس ٹوئٹ کے جواب میں بغیر ان کا نام لیے نتن گڈکری نے لکھا کہ ’’میں ان غیر سماجی عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کرنے جا رہا ہوں جنھوں نے مجھ پر وزیر اعظم نریندر مودی کو ڈرانے کے لیے ہو رہے قتل کی سازش سے متعلق قابل اعتراض تبصرہ کیا۔‘‘ گڈکری کے اس ٹوئٹ پر ریپلائی کرتے ہوئے شہلا نے جے این یو کے طالب علم عمر خالد کا ایشو اٹھا دیا۔ انھوں نے لکھا کہ ’’دنیا کی سب سے بڑی پارٹی کے لیڈر ایک طنزیہ ٹوئٹ سے پریشان ہو گئے۔ ذرا سوچیے، ایک بے قصور طالب علم عمر خالد اور ان کے والد کو کیسا محسوس ہوا ہوگا جب ایک چینل کی طرف سے جھوٹے الزام پر انھیں پریشان کیا جا رہا تھا۔‘‘ ساتھ ہی شہلا نے گڈکری سے سوال کر دیا کہ ’’گڈکری راہل شیو شنکر پر کارروائی کریں گے کیا؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔