شرد پوار کی کامیاب اینڈوسکوپی، پتھری کو باہر نکال دیا گیا

ڈاکٹر امت میدیو نے کہا کہ شرد پوار کے پتے میں کئی پتھریاں ہیں اور ایک پتھری پتے کی نلی میں چلی گئی تھی، جس سے رکاوٹ پیدا ہو رہی تھی، اسی کے سبب معدے اور پیٹھ میں تیز درد ہوا۔

شرد پوار / تصویر بشکریہ ٹوئٹر
شرد پوار / تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

یو این آئی

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر شرد پوار کے پتے کی انڈوسکوپی کامیاب رہی ہے، اس بات کی اطلاع پارٹی ترجمان نواب ملک نے دی ہے۔ پوار کو دو روز قبل جنوبی ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ سپریہ سولے نے اپنے والد کی ایک تصویر ٹوئٹ کی ہے، جس میں وہ آرام دہ اور پرسکون نظر آ رہے ہیں۔ تصویر میں پوار نیلے رنگ کے بلیک چیکڈ ہاسپٹل گاؤن زیب تن کیے ہوئے ہیں اور اسپتال کے بستر پر بیٹھے اخبارات کو بڑی توجہ سے دیکھ رہے ہیں۔

سولے نے کہا "صبح بخیر! بریچ کینڈی اسپتال کے تمام ڈاکٹروں، نرسوں اور پوری ٹیم کا شکریہ۔ صبح کے اخبارات پڑھ کر باخبر رہنا، پوار صاحب سب سے زیادہ پسند کرتے ہیں۔" خیال رہے کہ 80 سالہ پوار کو آج (31 مارچ) کو اینڈوسکوپی اور سرجری کے لئے اسپتال میں داخل کیا جانا تھا لیکن منگل کے روز ہی انہیں فوری طور پر لے جایا گیا اور اینڈوسکوپی کی سفارش کی گئی۔ گیسٹرو ماہر ڈاکٹر امیت میدیو کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے پتھری کو ہٹانے کے لئے اینڈوسکوپی انجام دی۔


ڈاکٹر امت میدیو نے کہا، ’’پوار کے پتے میں کئی پتھریاں ہیں اور ایک پتھری پتے کی نلی میں چلی گئی تھی، جس سے رکاوٹ پیدا ہو رہی تھی جس کے سبب معدے اور پیٹھ میں تیز درد ہوا۔ انہیں پیلیا کی بھی شکایت ہوئی۔ اینڈوسکوپی کے ذریعے پریشانی پیدا کر رہی پتھری کو نکال دیا گیا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ اینڈوسکوپی کے بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں اور ان کی حالت تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوار کی صحت میں بہتری آنے کے بعد ان کے پتے کو پوری طرح نکال دیا جائے گا تاکہ مستقبل میں اس طرح کی پریشانی پیدا نہ ہو۔ ڈاکٹر نے کہا، ’’ایسا لگتا ہے کہ ان کے پتے میں ایک سے زیادہ پتھریاں ہیں، لہذا پتے کو نکال دینا ہی بہتر ہوگا۔‘‘ ڈاکٹر کے مطابق شرد پوار تین سے چار دن تک اسپتال میں ہی رہیں گے۔


شرد پوار کے بے چین اہل خانہ جن میں بیٹی اور بارامتی کی ممبر پارلیمنٹ سپریہ سولے، بھتیجے اور نائب وزیر اعلی اجیت پوار، پوتے اور ایم ایل اے روہت پوار کے علاوہ دیگر اعلی رہنما اور قریبی ساتھی بھی اس وقت اسپتال میں موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ پوار صاحب آپریشن کے بعد بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ پتھری کو کامیابی کے ساتھ پتے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ یہ اینڈوسکوپی کے ذریعے کیا گیا تھا۔ سرجری کے بعد وزیر صحت راجیش ٹوپی نے بھی ایک بیان جاری کیا ہے۔


وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے، این سی پی اور کانگریس قائدین، ​​بھارت رتن لتا منگیشکر اور دیگر اعلی رہنماؤں نے پوار کی صحت کے بارے میں دریافت کیا تھا اور ان کی جلد صحت یابی کی خواہش کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔