شرد پوار کا اعلان کانگریس کے ساتھ مل کر لڑیں گے انتخاب، مہاراشٹر کی تصویر صاف

شرد پوار نے اعلان کر دیا ہے کہ ان کی پارٹی عام انتخابات میں کانگریس کے ساتھ مل کر چناؤ لڑے گی۔ اس اعلان سے کم از کم مہاراشٹر کی تصویر توصاف ہو گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے اتوار کو صاف کر دیا ہے کہ سال 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں ان کی پارٹی کانگریس کے ساتھ اتحاد میں انتخابات لڑے گی ۔ انہوں نے کہا مہاراشٹر میں کانگریس اور این سی پی مل کر لوک سبھا کا انتخابات لڑیں گے ۔

انہوں نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ کہا ہے کہ ’’کانگریس اور این سی پی مل کر کسانوں اور مزدوروں کے لئے سال 2019 کے عام انتخابات لڑیں گے ۔ 40 سیٹوں پر بات چیت ہو چکی ہے اور ابھی آٹھ سیٹوں پر بات ہونا باقی ہے ۔ حتمی فیصلہ جلد لیا جائے گا اور اگر پھر بھی کوئی مسئلہ رہا تو دونوں پارٹیوں کے سربراہ اس پر تبادلہ خیال کریں گے‘‘۔

شرد پوار نے یہ ٹوئٹ مہاراشٹر کے گوندیا میں کانگریس اور این سی پی کارکنان کی ایک میٹنگ کے بعد کیا۔

شرد پوار نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں مدھیہ پردیش اورچھتیس گڑھ کی طرز پر مہاراشٹر میں بھی دھان کسانوں کو 2500روپے فی کونٹل دینے کا وعدہ کیا ۔ انہوں نے لکھا ’’زرعی پیداوار کی سپورٹ قیمت کو حتمی شکل دینے سے پہلے پڑوسی ریاستوں سے شرحوں کو لے کر مشورہ کیا جائے گا ۔جبکہ مہاراشٹر حکومت نے ایسا نہیں کیا اور اب پڑوسی ریاستوں میں 700 روپے فی کونٹل زیادہ دیا جا رہا ہے ‘‘۔

واضح رہے مہاراشڑ میں شیو سینا اور بی جے پی میں اختلافات چل رہے ہیں ، شیو سینا جس انداز سے مستقل بی جے پی کو اپنی تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے وہ مرکز اور مہاراشٹر حکومت کے خلاف پہلے سے موجود عوامی ناراضگی میں آگ میں گھی کا کام کر رہی ہے۔ شرد پوار کی جانب سے عام انتخابات سے قبل یہ بیان آنا ایک بہت بڑے اعلان کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ اس سےظاہر ہوتا ہے کہ دونوں اتحادی پارٹیوں میں انتخابی تیاریوں کا عمل صحیح وقت پر شروع ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔