ویڈیو نے کھولی سوامی چنمیانند کی پول، عریاں حالت میں طالبہ سے کروائی مالش!

لاء کی طالبہ سے جنسی استحصال کے الزامات میں پھنسے سابق مرکزی وزیر سوامی چنمیانند کی مشکلیں ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مزید بڑھ گئی ہیں۔ ویڈیو میں وہ ایک طالبہ سے تیل مالش کرواتے نظر آ رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سوامی چنمیانند کی مشکلیں لگاتار بڑھتی جا رہی ہیں۔ حال ہی میں اتر پردیش کے شاہجہاں پور کے ایک لاء کالج کی طالبہ نے پریس کانفرنس کر کہا تھا کہ سوامی چنمیانند نے ایک سال تک اس کی عصمت دری کی، اور اب ایک ایسا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جو انتہائی شرمسار کرنے والا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو اور تصاویر میں سوامی چنمیانند مکمل عریاں حالت میں ایک طالبہ سے تیل مالش کرواتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ حالانکہ سوامی چنمیانند کے کچھ قریبیوں نے اس ویڈیو کو غلط ٹھہرایا ہے اور ’قومی آواز‘ بھی اس بات کی تصدیق نہیں کرتا کہ ویڈیو اصلی ہے۔

کئی ہندی اور انگریزی نیوز پورٹل پر وائرل ویڈیو کے اسکرین شاٹ کے ساتھ خبریں شائع ہوئی ہیں اور اس میں صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ ایک طالبہ سوامی چنمیانند کی مالش کر رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سوامی چنمیانند کا یہ ویڈیو خفیہ کیمرے کی مدد سے 31 جنوری 2014 کو بنایا گیا۔ لیکن بات چیت میں 23 مئی تک انتخابی ضابطہ اخلاق کا تذکرہ سامنے آیا ہے۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ ویڈیو 2019 کا ہی ہے۔


بہر حال، شاہجہاں پور عصمت دری کیس کے سلسلے میں سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد ایس آئی ٹی جانچ کر رہی ہے۔ گزشتہ دنوں سوامی چنمیانند کے خلاف ثبوتوں کی بات کرتے ہوئے متاثرہ نے کہا تھا کہ اس کے پاس ایسے ویڈیوز ہیں جو چنمیانند کو قصوروار ثابت کر سکتے ہیں۔ متاثرہ نے پریس کانفرنس کے دوران یہ بھی کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر یہ ثبوت پیش کیے جائیں گے۔ لاء کی پڑھائی کر رہی متاثرہ طالبہ نے ساتھ ہی بتایا کہ اس نے اپنی اور اپنی فیملی کی سیکورٹی کے لیے اپنا وہ ویڈیو وائرل کیا تھا جس میں اس نے چنمیانند سے جان کا خطرہ بتایا تھا۔

واضح رہے کہ سوامی چنمیانند پر عصمت دری کا الزام لگانے کے بعد متاثرہ اچانک غائب ہو گئی تھی۔ بعد میں پولس نے اسے راجستھان سے برآمد کیا تھا اور سپریم کورٹ میں پیش کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے پر از خود نوٹس لیتے ہوئے سماعت کی تھی۔


غور طلب ہے کہ 23 اگست کو متاثرہ نے ایک ویڈیو کے ذریعہ سوامی چنمیانند پر سنگین الزامات عائد کیے تھے اور کہا تھا کہ سوامی نے کئی لڑکیوں کی زندگی برباد کی ہے۔ متاثرہ نے کہا تھا کہ چنمیانند کہتا ہے کہ کوئی میرا کچھ نہیں کر سکتا ہے۔ میرے پاس سارے ثبوت ہیں۔ میری گزارش ہے کہ آپ مجھے انصاف دلائیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Sep 2019, 4:10 PM