شاہی عیدگاہ مسجد متھرا تنازعہ: سروے امین کو عیدگاہ بھیجنے کے معاملہ میں بحث کے لئے 25 جنوری کی تاریخ مقرر

اتر پردیش کے متھرا کی ایک عدالت نے مقدمے کی برقراری اور شاہی مسجد عیدگاہ کے امین سروے پر سماعت کے لیے 25 جنوری کی تاریخ مقرر کی ہے

متھرا کی شاہی عیدگاہ مسجد
متھرا کی شاہی عیدگاہ مسجد
user

قومی آوازبیورو

متھرا: اتر پردیش کے متھرا کی ایک عدالت نے مقدمے کی برقراری اور شاہی مسجد عیدگاہ کے امین سروے پر سماعت کے لیے 25 جنوری کی تاریخ مقرر کی ہے۔ خیال رہے کہ ہندو سینا کی جانب سے شاہی عیدگاہ کا سروے کرانے کی درخواست پر اعتراض ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کونسل (سول) سنجے گوڑ گوڑ نے بتایا کہ ہندو سینا کے قومی صدر وشنو گپتا وغیرہ نے بالاکرشن کی جانب سے انتظامی کمیٹی شاہی مسجد عیدگاہ اور دیگر کے خلاف 8 دسمبر کو سول جج (سوئم) سونیکا ورما کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ جس میں درخواست کی گئی کہ شری کرشنا جنم بھومی ٹرسٹ کی 13.37 ایکڑ اراضی کے ایک حصے میں موجود شاہی مسجد کو ہٹا دیا جائے۔ مقدمے میں سروے امین کو شاہی مسجد عیدگاہ بھیجنے کی بھی استدعا کی گئی تھی، بعد ازاں جج نے سروے امین کو شاہی مسجد عیدگاہ جانے کا حکم بھی دے دیا تھا اور اس سے مسجد کے اندر کی رپورٹ نقشہ سمیت 20 جنوری کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔


اس کے بعد شاہی مسجد عیدگاہ کے ایڈووکیٹ نیرج شرما نے 2 جنوری کو عدالت میں اس بات پر اعتراض کیا کہ سروے امین بھیجنے کا حکم ان کی بات سنے بغیر یکطرفہ طور پر دیا گیا ہے، لہذا امین بھیجنے سے پہلے شاہی مسجد عیدگاہ کے موقف کو بھی سنا جائے۔ اس کے بعد جج نے سماعت کے لیے 20 جنوری کی تاریخ مقرر کی تھی۔ شاہی مسجد عیدگاہ کے وکیل نے گزشتہ روز 20 جنوری کو سماعت کے دوران مذکورہ مقدمے میں ایک درخواست پیش کی جس میں مقدمے کی برقراری پر سوالات اٹھائے گئے۔

دوسری جانب آل انڈیا ہندو مہاسبھا کے قومی خزانچی دنیش شرما کے وکیل دیوکی نندن شرما نے کہا کہ ان کے موکل کی جانب سے سول جج سینئر ڈویژن سوئم کی عدالت میں مختلف تاریخوں پر تین درخواستیں دائر کی گئی ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ معاملے میں شاہی مسجد کو دنیش شرما کو عیدگاہ کے امین سروے کے وقت موجود رہنے کی اجازت دی جائے اور سروے کے دوران آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ایک افسر کو بھی تعینات کیا جائے جس سے سروے کا کام مستند ہو سکے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ڈی ایم اور ایس ایس پی کو سروے کے دوران موقع پر رہنے کا حکم دینے کی بھی مانگ کی تھی۔ اب ان تینوں درخواستوں، امین سروے اور سوٹ کی برقراری پر بحث کے لیے 25 جنوری کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔