اعظم خان پر چہار جانب سے مصیبتوں کی مار، اب جیہ پردا معاملہ پر ملی بری خبر

14 اپریل کو اتر پردیش کے شاہ آباد میں لوک سبھا انتخاب کی تشہیر کے دوران ایک جلسہ عام میں اعظم خان نے بی جے پی امیدوار جیہ پردا کے لباس سے متعلق نازیبا تبصرہ کیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

رام پور سے سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کی مشکلیں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ لوک سبھا انتخاب کی تشہیر کے دوران بی جے پی امیدوار جیہ پردا پر نازیبا تبصرہ کرنے کے معاملے میں شاہ آباد پولس نے اعظم خان کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔

دراصل 14 اپریل کو شاہ آباد میں لوک سبھا انتخاب کی تشہیر کے دوران ایک جلسہ عام میں اعظم خان نے بی جے پی امیدوار جیہ پردا کے لباس سے متعلق نازیبا تبصرہ کیا تھا۔ اعظم خان کے اس بیان کے بعد کافی ہنگامہ ہوا تھا۔ بی جے پی نے اس بیان پر کہا تھا کہ یہ سماجوادی پارٹی کا اصلی چہرہ ہے۔ وومن کمیشن نے بھی اعظم کے اس متنازعہ بیان پر ان کو نوٹس جاری کر کے صفائی دینے کا حکم دیا تھا۔


واضح رہے کہ ابھی حال ہی میں لوک سبھا میں تین طلاق بل پر بحث کے دوران اعظم خان نے ایوان میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی غیر موجودگی میں ان کی کرسی پر بیٹھنے والی بی جے پی رکن پارلیمنٹ رما دیوی کو کچھ قابل اعتراض الفاظ کہہ دیئے تھے اور اس پر ان کی زبردست کھنچائی ہوئی تھی۔ آل پارٹی میٹنگ کر کے اسپیکر اوم برلا نے اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا تھا کہ اعظم خان لوک سبھا میں رما دیوی سے معافی مانگیں۔

اس کے علاوہ بروز جمعرات اعظم خان کو جوہر یونیورسٹی سے متعلق بھی ایک مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔ دراصل غیر قانونی زمین معاملہ میں انھیں عدالت نے جھٹکا دیتے ہوئے پی ڈبلیو ڈی کو نقصان کی بھرپائی کرنے کے لیے 3.27 کروڑ کا جرمانہ عائد کیا تھا۔


بہر حال، جیہ پردا 2004 اور 2009 میں سماجوادی پارٹی کے ٹکٹ پر رام پور سے رکن پارلیمنٹ رہ چکی ہیں۔ اس کے بعد سال 2010 میں پارٹی مخالف سرگرمیوں کی وجہ سے انھیں بی جے پی سے نکال دیا گیا تھا۔ 2019 میں بی جے پی نے انھیں رام پور سے میدان میں اتارا۔ لیکن اعظم خان نے انھیں کثیر ووٹوں کے فرق سے ہرا دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔