شاہ فیصل کا ’جموں وکشمیر پیپلز مومنٹ‘ کے نام سے نئی پارٹی بنانے کا اعلان

شاہ فیصل اپنی پارٹی کو سری نگر کے راج باغ علاقہ میں واقع فٹ بال گراؤنڈ گندن پارک میں منعقد کی جانے والی ایک تقریب میں لانچ کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: آئی اے ایس آفیسر سے سیاستدان بننے والے ڈاکٹر شاہ فیصل اتوار کے روز اپنی سیاسی جماعت 'جموں و کشمیر پیپلز مومنٹ' کو 'ہوا بدلے گی' نعرے کے تحت لانچ کریں گے۔ شاہ فیصل اپنی پارٹی کو سری نگر کے راج باغ علاقہ میں واقع فٹ بال گراؤنڈ گندن پارک میں منعقد کی جانے والی ایک تقریب میں لانچ کریں گے۔

اس تقریب میں متعدد نوجوان سماجی کارکنوں و طلباء لیڈران بشمول جواہر لال نہرو یونیورٹی طلباء یونین کی سابق نائب صدر شہلا رشید کی شاہ فیصل کی پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے۔

شاہ فیصل نے گذشتہ اتوار کو اپنے ایک 'فیس بک لائیو پروگرام' میں کہا تھا کہ وہ آئندہ چند روز کے اندر اپنی سیاسی جماعت کے نام کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ سیاسی جماعت کا نام اور تنظیم کے ڈھانچے کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھنے کے ساتھ ہی ممبر شپ مہم شروع کی جائے گی۔

شاہ فیصل نے پہلے ہی اپنی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کی درخواست الیکشن کمیشن آف انڈیا میں جمع کردی ہے۔ انہوں نے کہا تھا 'ہم یہاں (جموں وکشمیر) پر ایک نئی سیاسی جماعت قائم کریں گے۔ ہم اسی ہفتے اپنی جماعت کا نام اور اس کے ڈھانچے کو عوام کے سامنے رکھیں گے۔ پارٹی کا منشور بھی عوام کے سامنے رکھیں گے۔ ممبر شپ مہم بہت جلد شروع کریں گے'۔

انہوں نے کہا تھا 'ہم تبدیلی کے لئے لڑیں گے۔ ہمارا مقصد کشمیر میں حقیقی جمہوریت لانا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ ریاست کے ہر شہری کو انصاف ملے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔