جھابوا: کڑکناتھ مرغے پر ’برڈ فلو‘ کا سایہ، دھونی نے بھی دیا تھا 2 ہزار چوزوں کا آرڈر

متاثرہ علاقہ میں اگلے تین مہینے تک مرغے اور پولٹری مصنوعات کی ذخریہ اندوزی اور نقل و حمل پر پابندی عائد رہے گی۔ جھابوا ضلع کے پولٹری بازار اور پولٹری فارموں کو بھی انفیکشن سے پاک کیا جائے گا

کڑکناتھ مرغا /تصویر آئی اے این ایس
کڑکناتھ مرغا /تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

جھابوا / بھوپال: مدھیہ پردیش میں برڈ فلو کا دائرہ وسیع ہوتا جا رہا ہے اور اس نے جھابوا کے کڑکناتھ مرغے کو بھی شکار بنانا شروع کر دیا ہے۔ یہاں کے کڑکناتھ مرغے میں برڈ فلو کی تصدیق ہونے کے بعد متاثرہ علاقہ میں آئندہ تین مہینے تک مرغے کے کاروبار اور نقل و حمل پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سابق کرکٹ کپتان مہندر سنگھ دھونی نے بھی یہاں کے دو ہزار چوزوں کا آرڈر دیا تھا۔

سرکاری طور پر ملنے والی اطلاع کے مطابق جھابوا ضلع کے گاؤں رونڈی پاڑا میں کڑکناتھ مرغی میں ایچ 5 این1 وائرس پایا گیا ہے۔ جھابوا کے کلکٹر روہت سنگھ کو حکومت ہند کے برڈ فلو ایکشن پلان 2021 کے مطابق نمٹارے، چارا دانا، انڈے وغیرہ کو تباہ کرنے اور متاثرہ مقام کو سینیٹائز اور ڈس انفیکٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ متاثرہ مقام سے ایک کلومیٹر کے دائرے کو انفیکٹڈ علاقہ گردانتے ہوئے تمام طرح کے مرغوں کو قتل کیا جائے گا۔


وہیں، ایک سے 9 کلومیٹر کے دائرے کو سرویلانس زون قرار دیتے ہوئے سیمپل کلیکشن کیا جائے گا۔ متاثرہ علاقہ میں اگلے تین مہینے تک مرغے اور پولٹری مصنوعات کی ذخریہ اندوزی اور نقل و حمل پر پابندی عائد رہے گی۔ جھابوا ضلع کے پولٹری بازار اور پولٹری فارموں کو بھی انفیکشن سے پاک کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جھابوا کے تھاندلا علاقہ کے رونڈی پاڑا میں واقع ونود کے فارم ہاؤس پر مردہ حالت میں پائے گئے کڑکناتھ کی لاشوں کے نمونوں کو جانچ کے لئے بھیجا گیا ہے، جس کی رپورٹ موصول ہو گئی ہے۔ یہ وہی فارم ہے جس سے دو ہزار چوزوں کا آرڈر کرکٹر مہندر سنگھ دھونی نے دیا تھا۔ موسم کی بہتری کے بعد ان چوزوں کو مہندر سنگھ دھونی کے رانچی میں واقع فارم ہاؤس پر بھیجا جانا تھا۔


مدھیہ پردیش میں اب تک 19 اضلاع میں برڈ فلو پایا گیا ہے۔ اندور، مندسور، آگر، نیمچ، دیواس، اجین، کھنڈوا، کھرگون، گونا، شیوپوری، راج گڑھ، شاجا پور، ویدیشا، بھوپال، ہوشنگ آباد، اشوک نگر، دتیا اور بڑوانی میں ایچ5 این 8 کی تصدیق ہوئی ہے۔ ریاست کے 42 اضلاع سے تقریباً 2100 کووں اور جنگلی پرندوں کی موت کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ مختلف اضلاع سے 386 نمونے اعلیٰ حفاظتی بیماری کی تحقیق کی قومی لیباریٹری کو بھیجے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔