کشمیر: عقیدت و احترام سے منائی گئی شب برات

تاریخی و مرکزی جامع مسجد سری نگر میں انجمن اوقاف کے زیر اہتمام بڑا اجتماع منعقد ہوا جہاں شب برات کی تقریب نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی.

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: برصغیر کے ساتھ ساتھ پورے جموں وکشمیر میں شب برات کی مقدس تقریب تمام بڑی مساجد، آستانوں اور خانقاہوں میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔

اس سلسلے میں سب سے بڑا اجتماع انجمن اوقاف کے زیر اہتمام تاریخی ومرکزی جامع مسجد سری نگر میں منعقد ہوا جہاں شب برات کی تقریب نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی جس میں ہزاروں فرزندان توحید نے شرکت کی اور رات بھر شب بیداری، عبادت و ریاضت اورذکر و اذکار میں محو رہے۔

اس موقعہ پر پروگرام کے مطابق متحدہ مجلس علماء کے امیر میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق نے نماز عشاء کے بعد ہزاروں لوگوں کے سامنے شب برات کی فضیلت، اہمیت اور عظمت و رفعت بیان کرتے ہوئے اس رات کی خصوصیات اور امتیازی اوصاف پر قرآن کریم اور احادیث مقدسہ کے حوالے سے تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی اور اس رات کے احکام اور اعمال کو مفصل انداز میں پیش کیا چنانچہ اس موقعہ پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے جب لوگ اجتماعی طور اپنے گناہوں اور غلطیوں کا اعتراف و اقرار کرتے ہوئے اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور توبہ و استغفار کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر سمیت عالم اسلام کے مسلمانوں کو درپیش مسائل و مصائب کے حل کے لئے والہانہ انداز میں رو رو کر دعائیں مانگ رہے تھے۔

اپنے خطاب میں میرواعظ نے کہا کہ ہم جب تک انفرادی اور اجتماعی طور اپنے آپ کو اللہ کے مقدس کلام قرآن مجید کے سانچے میں نہیں ڈھالتے اور پیغمبر اسلام (ص) کے اسوئہ حسنہ کے ساتھ اپنے آپ کو مکمل طور ہم آہنگ نہیں کرتے اس وقت تک نہ تو ہماری اور نہ ہی معاشرے کی اصلاح ہوسکتی ہے اور نہ ہی ہم دین و دنیا کی ترقی حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ زندگی کے جملہ معاملات و مسائل میں گناہ اور برائی کے کاموں سے اجتناب کریں اور اللہ کے حضور اپنے گناہوں کے لئے توبہ استغفار کرتے رہیں تاکہ اللہ تعالیٰ کی رحمت اور مغفرت کے امیدوار بن سکیں۔

اس موقعہ پر توبہ و استغفار کی خصوصی مجلس کی پیشوائی کرتے ہوئے میرواعظ نے اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور عالم انسانیت خاص طور پر عالم اسلام اور جموں وکشمیر کے مسلمانوں کی خوشحالی، سربلندی، امن و امان اور مختلف جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی صحت وسلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔