وزیر اعظم کا بنگال دورہ: ’گو بیک مودی‘ کے پوسٹروں کے ساتھ احتجاج

پی ایم نریندر مودی مغربی بنگال کے دو روزہ دورے پر ہیں جہاں انہیں عوامی مخالفت کا سامنا ہے، ایک طرف جہاں ٹوئٹر پر ’گو بیک مودی‘ ٹرینڈ چل رہا ہے وہیں سڑکوں پر اتر کر لوگ ان کے دورے کی مخالفت کر رہے ہیں

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی ہفتے کے روز مغربی بنگال کے دو روزہ دورے پر پہنچے ہیں۔ دریں اثنا ان کو عوامی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مودی کے دورے سے قبل ہی ایک طرف جہاں ٹوئٹر پر ’گو بیک مودی فرام بنگال‘ (مودی بنگال سے واپس جاؤ) ہیش ٹیگ گردش کرنے لگا وہیں طلباء و دیگر افراد نے سڑکوں پر اتر کر ان کے دورے کی مخالفت کی۔

سوشل میڈیا پر لوگوں ’گو بیک مودی فرام بنگال‘ کا ہیش ٹیگ چلایا جا رہا ہے اور لوگوں سے احتجاج کرنے ایئرپورٹ اور وی آئی پی روڈ پہنچنے کو کہا گیا ہے۔

طلبا تنظیم اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) بھی وزیر اعظم مودی کے کولکاتا دورے کی مخالفت کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی ’کولکاتا پورٹ ٹرسٹ‘ کی 150 ویں سالگرہ کے جشن اور اس کی مناسبت سے ہونے والی تقریبات میں حصہ لینے کے لئے کولکاتا پہنچے ہیں۔ وزیر اعظم مودی کے دورے سے پہلے ہی دو تنظیموں نے نیتا جی سبھاش چندر بوس بین الاقوامی ہوائی اڈے اور سڑکوں پر احتجاج کا منصوبہ بنایا ہے۔

دریں اثنا، انتظامی افسران نے وزیر اعظم کے دورے کے لئے مکمل سیکورٹی کی ضمانت دیتے ہوئے کہا کہ ہوائی اڈے سے شہر تک کا پورا راستہ خالی کرا لیا گیا ہے اور احتجاج کے کسی بھی امکان کو ختم کرنے کے لئے سڑکوں پر رکاوٹیں لگا دی گئی ہیں۔


وزیر اعظم کا بنگال دورہ: ’گو بیک مودی‘ کے پوسٹروں کے ساتھ احتجاج

وزیر اعظم نے اس دورے سے قبل ٹوئٹ کیا، ’’میں آج اور کل مغربی بنگال میں رہنے کے لئے پُر جوش ہوں۔ مجھے خوشی ہے کہ میں رام کرشن مشن میں وقت گزاروں گا اور وہ بھی اس درمیان جب ہم سوامی ویویکانند کی جینتی منا رہے ہیں۔ یہاں ایسا کچھ ہے جو بہت خاص ہے۔ پھر بھی ایک کمی ہے کہ سوامی آتماستھانند جی وہاں موجود نہیں ہیں جنہوں نے مجھے ’جن سیوا ہی پربھو سیوا‘ کا درس دیا تھا۔‘‘


واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی کولکاتا پورٹ ٹرسٹ کی 150 ویں سالگرہ کی تقریبات اور مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ اس کے علاوہ ان چار تاریخی عمارتوں، جن کی تزئین و آرائش کی گئی ہے، انہیں بھی وہ قوم کے لئے وقف کریں گے۔


اس دوران وہ رابندر پُل (ہاوڑہ برج) پر لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو کا افتتاح بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ رام کرشن خانقاہ اور رام کرشن مشن کے عالمی صدر مقام بیلور خانقاہ جائیں گے۔ واضح رہے کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد وہ پہلی بار مغربی بنگال جا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Jan 2020, 5:11 PM