دہلی-یوپی سمیت کئی ریاستوں میں شدید گرمی کا قہر، پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان
محکمہ موسمیات نے اگلے سات دنوں میں ملک کے مختلف حصوں میں لُو اور شدید بارش کا انتباہ کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے۔ دہلی میں درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔

شدید گرمی کی علامتی تصویر/ آئی اے این ایس
ملک کی کئی ریاستوں میں اس وقت گرمی کا قہر جاری ہے۔ لوگوں کا شددید گرمی اور لُو سے بُرا حال ہے۔ دوسری طرف کچھ ریاستیں ایسی بھی ہیں جہاں بارش کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے اگلے سات دنوں میں ملک کے مختلف حصوں میں لُو اور شدید بارش کا انتباہ کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے۔
راجدھانی دہلی سمیت میدانی علاقوں میں اس وقت شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ لُو نے لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا دشوار کر دیا ہے۔ کئی ریاستوں میں اس کو لے کر الرٹ جاری ہے۔ شمالی ہند کے موسم کی بات کریں تو یہاں لُو جیسے حالات بنے ہوئے ہیں۔ دہلی میں آج کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 3-2 ڈگری سیلسیس بڑھ کر 40 سے 42 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔ وہیں جمعہ اور ہفتہ کو بھی لُو کے قہر سے لوگوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔ دوسری طرف پہاڑی ریاستوں میں ہلکی بارش اور برفباری دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق اتر پردیش، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، مشرقی راجستھان، ہریانہ، اوڈیشہ، پنجاب اور دہلی میں آج شدید گرمی کا اثر دیکھا جا سکتا ہے۔ 24 سے 26 اپریل کے درمیان بہار اور جھارکھنڈ کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش اور آندھی کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے بہار کے کشن گنج اور ارریہ کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
اتر پردیش کے زیادہ تر ضلعوں میں شدید گرمی کا دور جاری رہنے والا ہے۔ حالانکہ مشرقی یوپی کے کچھ ضلعوں میں محکمہ موسمیات نے آندھی اور ہلکی بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ مغربی یوپی میں لُو کے حالات بنے رہیں گے۔ کانپور، آگرہ اور لکھنؤ جیسے ضلعوں میں پارا 40 ڈگری کے پار جا سکتا ہے۔ وہیں مدھیہ پردیش کے مشرقی حصوں میں لُو کی حالت بنی رہے گی۔
ویسٹرن ڈسٹربنس کے اثر سے ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ جموں و کشمیر کے سری نگر اور گلمرگ، لداخ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ جیسے ہمالیائی علاقوں میں بجلی، گرج اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔