ہندوستان میں کورونا کا شدید بحران، نئے معاملوں کی تعداد 1.5 لاکھ سے تجاوز، ایک دن میں 327 اموات

ہندوستان کو سال 2022 کے آغاز سے ہی کورونا وائرس کی تیسری لہر کا سامنا ہے اور اب یومیہ کیسز کی تعداد 1.5 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور فعال معاملات میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے

کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہندوستان میں ہر دن کے ساتھ کورونا کا بحران شدید ہوتا جا رہا ہے۔ کورونا کی دوسری لہر میں تباہکاری برداشت کرنے والے ملک میں ایک بار جہاں یومیہ کیسز کی تعداد کم ہو کر 5 ہزار کے قریب رہ گئی تھی، وہیں اب ایک دن میں کورونا کے 1.5 لاکھ مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 159632 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس دوران 40863 مریض شفایاب ہو گئے جبکہ 327 افراد کی جان چلی گئی۔

کورونا کے یومیہ کیسز کے ساتھ ہی کورونا کے فعال معاملوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، فی الحال ملک بھر میں 590611 کیسز فعال ہیں۔ مجموعی طور پر 34453603 افراد مکمل طور پر شفایاب ہو چکے ہیں اور 483790 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ ملک میں پازیٹوٹی کی شرح 10.21 فیصد پر برقرار ہے۔ وہیں، ٹیکہ کاری مہم کے تحت پہلی اور دوسری خوراک کو ملا کر گزشتہ 24 گھنٹوں میں 151.58 کروڑ کوورونا ویکسین کی خوراکیں لگائی گئی ہیں۔


اس وقت کورونا دنیا کو خوفزدہ کر رہا ہے لیکن نئی تحقیق میں ریاضیاتی ماڈلنگ کی بنیاد پر یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ جنوری کے تیسرے اور چوتھے ہفتوں میں کورونا وائرس کے اومیکرون ویرینٹ کے کیسز سب سے زیادہ ہوں گے۔ اور پھر مارچ کے شروع میں کم ہونا شروع ہو جائے گا۔ یہ ریاضیاتی ماڈل ماضی کے انفیکشن، ٹیکہ کاری اور کمزور قوت مدافعت کو بھی مدنظر رکھتا ہے۔ ماضی کے انفیکشن اور ٹیکہ کاری کے باوجود آبادی کا ایک بڑا حصہ اب بھی آسانی سے نئے ویرینٹ کا شکار ہو سکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق وائرس کا آسانی سے شکار ہونے والے لوگوں کی تعداد (یعنی بیمار، بوڑھے اور کمزور قوت مدافعت کے حامل افراد) کے حوالہ سے الگ الگ اندازوں کی بنیاد پر روزانہ 3 لاکھ، 6 لاکھ یا 10 لاکھ کیس رپورٹ ہو سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */