دہلی میں شدید سردی شروع، درجہ حرارت 6 ڈگری تک پہنچ گیا، ان ریاستوں میں بھی سردی میں اضافہ

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 18 دسمبر تک ملک کی 3 ریاستوں میں سردی کی لہر لوگوں کو پریشان کر سکتی ہے۔ ملک کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی جا سکتی ہے، جبکہ جنوبی ریاستوں میں بارش جاری ہے

سردی میں خود کو گرم رکھنے کی کوشش
سردی میں خود کو گرم رکھنے کی کوشش
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک کی تقریباً تمام ریاستوں میں درجہ حرارت گر رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج یعنی جمعہ کو شمال مغربی ہندوستان میں کم سے کم درجہ حرارت میں تقریباً 2 ڈگری سیلسیس کی کمی واقعہ ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ اگلے 4-5 دنوں کے دوران وسطی ہندوستان کی کئی ریاستوں کے کم از کم درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری تک کی گراوٹ ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مشرقی ہندوستان کی ریاستوں میں بھی درجہ حرارت میں کمی آئے گی۔

وہیں، ملک کی راجدھانی دہلی میں بھی سردی بڑھ گئی ہے۔ جمعرات کی صبح اس موسم کی سرد ترین صبح ریکارڈ کی گئی۔ اگر آج 16 دسمبر کی بات کریں تو یہاں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کئے جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ دہلی میں آج آسمان صاف رہنے کی امید ہے۔ تاہم دہلی میں کل یعنی 17 دسمبر کو دھند دیکھی جا سکتی ہے۔

اگر آلودگی کی بات کریں تو اس سے دہلی کو کافی راحت ملی ہے۔ ہوا میں بہتری کے ساتھ اے کیو آئی معتدل زمرے میں پہنچ گیا ہے۔ کل شام 5 بجے کے قریب دہلی کے آئی ٹی او علاقے میں اے کیو آئی 106 ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ آئی جی آئی ہوائی اڈے کے علاقے میں اے کیو آئی 140 ریکارڈ کیا۔


اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ کی بات کریں تو آج محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق یہاں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 24 ڈگری ریکارڈ کیا جائے گا۔ لکھنؤ میں بھی آج دھند چھائی رہے گی۔ غازی آباد کی بات کریں تو یہاں بھی کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری رہے گا۔ ساتھ ہی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری ریکارڈ کیا جائے گا۔ غازی آباد میں بھی صبح دھند چھائی رہے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ دن کے وقت آسمان صاف رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق 16 سے 18 دسمبر تک پنجاب، ہماچل پردیش اور شمالی راجستھان کے کچھ علاقوں میں سردی کی لہر لوگوں کو پریشان کر سکتی ہے۔ ہماچل پردیش کے شملہ میں آج کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری رہے گا۔ اس کے ساتھ ہی منالی میں کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔

موسم کی پیشن گوئی کرنے والی ایجنسی اسکائی میٹ کے مطابق، آج انڈمان اور نکوبار جزائر کے جنوبی حصوں میں کچھ مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی کونکن اور گوا، وسطی مہاراشٹر اور جنوب مغربی مدھیہ پردیش میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ جنوبی گجرات، تمل ناڈو، کرناٹک اور کیرالہ میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔