شمالی ہندوستان میں کڑاکے کی سردی، راجدھانی دہلی میں اگلے دو دنوں تک سرد لہر جاری رہنے کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے ہماچل، پنجاب، اتر پردیش، چنڈی گڑھ اور دہلی کے ساتھ مغربی اور مشرقی راجستھان میں شدید سردی اور تمل ناڈو، کیرالہ اور لکش دیپ کے ساحلی علاقوں میں مختلف مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی ہے

دہلی کی سردی / Getty Images
دہلی کی سردی / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی سمیت شمالی ہندوستان میں سرد ہوائیں چلنے اور پارہ گرنے سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں میں دہلی کا پارہ 4 ڈگری تک گر سکتا ہے، جس کی وجہ سے اتوار اور پیر کو راجدھانی دہلی سردی کی لپیٹ میں رہے گی اور اس دوران آسمان میں شدید دھند چھائی رہ سکتی ہے۔

دہلی کا اتوار کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری جبکہ پیر کو یہ 20 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ دہلی-این سی آر کے کئی علاقوں میں سردی کی لہر برقرار رہے گی۔ اسی طرح 26 دسمبر کو صبح کے وقت شدید دھند اور سردی کی لہر کی پیش گوئی کی گئی ہے۔


دہلی میں اتوار کی صبح کم سے کم درجہ حرارت 5.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کے مطابق کرسمس کے موقع پر دہلی-این سی آر میں آج اور اگلے دن سردی کی لہر برقرار رہے گی۔ 26 دسمبر کے لیے سردی کی لہر اور دھند کا اورنج الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس دوران کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی صبح کے وقت گھنی دھند ایک بار پھر پریشان کرے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 25 دسمبر سے ہماچل، پنجاب، اتر پردیش، چندی گڑھ اور دہلی میں سردی کی لہر چل سکتی ہے۔ دوسری جانب مغربی راجستھان اور مشرقی راجستھان میں اگلے پانچ دنوں تک شدید سردی کی لہر جاری رہ سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے اگلے دو دنوں تک تمل ناڈو، کیرالہ اور لکش دیپ کے ساحلی علاقوں میں مختلف مقامات پر بارش کی وارننگ بھی دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔