دہلی-این سی آر میں شدید ٹھنڈ اور کہرا، کشمیر میں جھرنے منجمد، تمل ناڈو اور کیرالہ میں بارش کے آثار

ہماچل پردیش میں بھی شدید سرد لہر جاری ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق 23 دسمبر کو لاہول اسپیتی، کُلّو اور چمبا کی اونچی چوٹیوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>گھنا کہرا / تصویر سوشل میڈیا</p></div>

گھنا کہرا / تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

قومی راجدھانی دہلی-این سی آر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ٹھنڈ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے دُھند بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے تین دنوں تک نوئیڈا، فرید آباد اور گروگرام میں شدید کہرا دیکھنے کو ملے گا۔ وہیں کشمیر اور ہماچل پردیش شدید ٹھنڈ کی لپیٹ میں ہیں۔ کشمیر میں جھرنے جم چکے ہیں۔ ہماچل کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے بنا ہوا ہے۔

دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ جمعہ کی صبح 8:30 بجے صفدر جنگ اور رِج ایریا میں درجہ حرارت 1 ڈگری سیلسیس تک کم ہو گیا۔ آئندہ دنوں میں بھی پارہ مزید گرنے کے آثار ہیں۔ وہیں محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ دہلی میں اگلے کچھ دنوں تک کہرا دیکھنے کو ملے گا۔

ہماچل پردیش میں بھی شدید سرد لہر جاری ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق 23 دسمبر کو لاہول اسپیتی، کُلّو اور چمبا کی اونچی چوٹیوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ محکمہ نے حمیرپور، منڈی، اونا اور بلاس پور کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا ہے تو کُلّو چمبا اور کانگڑا کے لیے یلو الرٹ۔

سری نگر میں بدھ کی رات اس موسم کی اب تک کی سب سے ٹھنڈی رات رہی اور درجہ حرارت منفی 6٫0 ڈگری سیلسیس تک جا پہنچا۔ یہ معمول سے 4 ڈگری کم ہے۔ گزشتہ رات کو یہ منفی 4٫5 ڈگری سیلسیس پر تھا۔ پورا کشمیر اس وقت انتہائی ٹھنڈ کی آغوش میں ہے۔

کشمیر میں رات کا پارہ نقطہ انجماد سے کئی ڈگری نیچے چلا گیا ہے۔ سری نگر شہر کے کئی حصوں میں کہرے کی ہلکی تہہ جمی دیکھی گئی۔ شدید ٹھنڈ کی وجہ سے مشہور ڈل جھیل سمیت آبی ذخائر کا پانی جم گیا ہے۔ پینے کے پانی کی سپلائی لائنیں بھی ٹھنڈ کی وجہ سے جم چکی ہیں۔


جنوبی ہند کی ریاستوں کی بات کی جائے تو تمل ناڈو اور کیرالہ میں بارش کے آثار ہیں۔ راجستھان، مدھیہ پردیش، اتر پردیش اور دہلی میں سردی ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی علاقوں میں ہریانہ کا ہسار سب سے ٹھنڈا علاقہ رہا۔ وہیں راجستھان کے 5 شہروں میں درجہ حرارت 4 ڈگری سیلسیس سے نیچے ریکارڈ کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔