شمالی ہند میں شدید ٹھنڈ اور کہرے کا ستم جاری، دہلی میں سرد دن کے پیش نظر یلو الرٹ
شمالی ہندوستان میں شدید ٹھنڈ اور کہرے کا سلسلہ جاری ہے۔ دہلی میں سرد دن کے باعث یلو الرٹ جاری کیا گیا۔ حد نگاہ کم ہونے سے آئی جی آئی ایئرپورٹ پر 400 پروازیں متاثر ہوئیں۔ ہوا کے معیار میں بہتری آئی ہے

تصویر سوشل میڈیا
ٹھنڈ اور کہرے کی مار سے شمالی ہند کی کئی ریاستوں میں عام زندگی منگل کو بھی متاثر رہی۔ اس کا سب سے زیادہ اثر ٹرین اور ہوائی سفر پر پڑا۔ منگل کو دہلی کے آئی جی آئی ہوائی اڈے پر حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے تقریباً 400 پروازیں معطل رہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق قومی راجدھانی دہلی میں بدھ کی صبح بھی زیادہ تر مقامات پر دھند اور درمیانی سطح کا کہرا رہنے کا امکان ہے۔ کہیں کہیں گھنا کہرا بھی ہو سکتا ہے۔ شام اور رات کے وقت بھی یہی حالت رہے گی۔
کئی مقامات پر کولڈ ڈے والے حالات بھی بنے رہ سکتے ہیں جس کے سبب محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 16 اور 8 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
برفیلی ہواؤں کی وجہ سے راجدھانی میں ٹھٹھرن بھری ٹھنڈ کا سلسلہ برقرار ہے۔ حالانکہ شدید کہرا دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے۔ حد نگاہ میں بھی پہلے کے مقابلے میں تھوڑی بہتری آئی ہے۔ منگل کو دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 2.8 ڈگری اور کم سے کم 16.2 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ کم سے کم درجہ حرارت معمول سے 3.6 ڈگری، زیادہ سے زیادہ 10.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ ہوا میں نمی کی سطح 97 سے 76 فیصد رہی۔ اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ اور صفدر جنگ دونوں ہی جگہ حد نگاہ کی سطح بہتر دیکھنے کو ملی۔
تیز ہوا کے اثر سے منگل کو دہلی کے ہوا کے معیار میں بہتری آئی۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق دہلی کا اے کیو آئی 296 یعنی 'خراب' زمرے میں رہا۔ ایک دن پہلے سوموار کو یہ 335 رہا تھا۔ 24 گھنٹے کے اندر اس میں 39 پوائنٹس کی گراوٹ آئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ابھی اگلے دو دنوں تک اے کیو آئی اسی زمرے میں رہے گا۔ اس کے بعد پھر سے 'انتہائی خراب' زمرے میں پہنچ جائے گا۔ این سی آر کے شہروں کے ہوا کے معیار میں بھی اس وقت کچھ کمی درج کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔