ایودھیا: کورونا ویکسین لینے والی 7 خاتون کانسٹیبل کی حالت بگڑی، داخل اسپتال

سبھی خاتون کانسٹیبل ایودھیا میں رام جنم بھومی چیکنگ پوائنٹ پر تعینات تھیں۔ کورونا ٹیکہ کاری مہم کے تحت جمعہ کو ہیلتھ ورکرس کو ٹیکہ لگایا گیا تھا اور ان خواتین کی بھی ٹیکہ کاری ہوئی تھی۔

تصویر ویپن
تصویر ویپن
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں جاری کورونا ٹیکہ کاری مہم کے دوران اتر پردیش سے ایک تشویشناک خبر سامنے آئی ہے۔ ہفتہ کے روز ایودھیا میں رام جنم بھومی کی جگہ چیکنگ پوائنٹ پر تعینات سات خاتون کانسٹیبل کی کورونا ویکسین لینے کے بعد حالت بگڑ گئی۔ ان سبھی کو بے چینی اور بیہوشی کی علامات کے بعد ایودھیا واقع شری رام اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ ان سبھی کو جمعہ کے روز ٹیکہ لگایا گیا تھا۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق سبھی خاتون کانسٹیبل ایودھیا میں رام جنم بھومی میں داخلے کے لیے قائم چیکنگ پوائنٹ کے لیے بنائے گئے تین بوتھوں پر تعینات تھیں۔ کورونا ٹیکہ کاری مہم کے تحت ہیلتھ ورکرس اور فرنٹ لائن ورکرس کی ٹیکہ کاری مہم کے تحت سبھی کو جمعہ کے روز کورونا ویکسین لگائی گئی تھی۔ ہفتہ کے روز 7 خاتون کانسٹیبل کی طبیعت اچانک بگڑ جانے سے ایک ہنگامہ برپا ہو گیا۔ آناً فاناً میں ان سبھی خاتون کانسٹیبل کو مقامی شری رام اسپتال میں داخل کرایا گیا۔


اسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے کیونکہ سبھی خاتون ڈاکٹروں کو نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ کورونا ویکسین دیے جانے کے بعد یہ علامات ظاہر ہونے عام بات ہیں۔ ویکسین لگوانے کے بعد اس طرح کی پریشانیاں آ سکتی ہیں اور اس سے گھبرانے کی قطعی ضرورت نہیں ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ سبھی خاتون کانسٹیبل کا بلڈ پریشر معمول پر ہے او ران کی حالت بھی ٹھیک ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔