رانچی میں سامنے آیا براڑی جیساواقعہ، ایک ہی فیملی کے 7 لوگوں نے کی خودکشی

اتوار کی شب پڑوسیوں نے سبھی کو معمول کے مطابق کام کرتا ہوا دیکھا تھا لیکن صبح جب ایک رشتہ دار پہنچا اور دروازہ نہیں کھلا تو کھڑکی سے اس نے جھانک کر دیکھا جہاں سبھی مردہ پڑے ہوئے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے براڑی میں ایک ہی فیملی کے 11 لوگوں کی خودکشی کا معاملہ ابھی مدھم بھی نہیں ہوا تھا کہ اب جھارکھنڈ میں رانچی کے اس حادثہ نے لوگوں کا دل دہلا دیا جس میں ایک ہی فیملی کے سات اشخاص نے خودکشی کر لی۔ مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

خبروں کے مطابق گودریج کمپنی میں کام کرنے والے دیپک جھا اپنی فیملی کے ساتھ کانکے تھانہ حلقہ کے بوڈیا کولڈ اسٹوریج کے پاس رہتے تھے۔ پیر کی صبح جب گھر کا دروازہ کافی دیر تک نہیں کھلا تو آس پاس کے لوگوں نے پولس کو اس کی جانکاری دی۔ موقع پر پہنچی پولس جب دروازہ توڑ کر گھر کے اندر داخل ہوئی تو کمرے میں دیپک، ان کی بیوی، دیپک کے والدین اور بچے کی لاش پڑی تھی۔ پولس نے لاشوں کو اپنے قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔

مکان مالک کا کہنا ہے کہ صبح دیپک کا ایک رشتہ دار آیا تھا اور اسی نے کھڑکی سے جھانک کر دیکھا تو سبھی کو گھر کے اندر مردہ پایا۔ پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ رات میں بھی گھر کے سبھی لوگ بخیر دیکھے گئے تھے اور کسی طرح کے جھگڑے کی آواز بھی سنائی نہیں دی تھی۔ ایس ایس پی نے بھی میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ سات لوگوں نے خودکشی کی ہے۔ یہ سبھی لوگ یہاں کرایہ پر رہتے تھے۔ فیملی بنیادی طور پر بہار کے بھاگلپور کی رہنے والی ہے۔

دیپک اور اس کے گھر والوں نے خودکشی جیسا قدم کیوں اٹھایا، ابھی اس سلسلے میں معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ پولس معاملہ درج کر جانچ کر رہی ہے۔ اس سے پہلے 14 جولائی کو ہزاری باغ میں بھی ایک ہی فیملی کے 6 اراکین کی موت ہو گئی تھی۔ یہ فیملی 70 سالہ مہاویر مہیشوری کی تھی۔ حالانکہ پولس اب تک اس معاملے میں یہ واضح نہیں کر سکی ہے کہ یہ خودکشی تھی یا پھر قتل۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Jul 2018, 1:47 PM