’تفریح کے نام پر ایجنڈا پیش کرنا خطرناک‘، اتر پردیش میں فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کو ٹیکس فری کرنے پر شیوپال یادو کا رد عمل

سماجوادی پارٹی لیڈران نے فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کو ٹیکس فری کیے جانے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے لیے زیرو ہاؤس ٹیکس اور زیرو روڈ ٹیکس کا اعلان کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>شیوپال سنگھ یادو، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

شیوپال سنگھ یادو، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر شیوپال یادو نے متنازعہ فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کو اتر پردیش میں ٹیکس فری کرنے کے یوگی حکومت کے فیصلے پر سوال اٹھایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تفریح کے نام پر خطرناک اور زہریلا ایجنڈا دکھانے کی کوشش ملک اور سماج کے لیے مضر ہے۔

متنازعہ فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کو یوپی حکومت کے ذریعہ ٹیکس فری کرنے کے فیصلے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے شیوپال یادو نے کہا کہ تفریح صرف تفریح کے لیے ہونی چاہیے اور فلموں و ادب کا استعمال ملک پر زہریلا ایجنڈا تھوپنے کے لیے نہیں کیا جانا چاہیے۔ نفرت سے پیدا ہوا کوئی بھی آرٹ ملک اور سماج کے لیے خطرناک ہی ہوگا۔


شیوپال یادو کے علاوہ سماجوادی پارٹی کے کئی سینئر لیڈران نے فلم ٹیکس فری کرنے پر کہا کہ بی جے پی کے لیے زیرو ہاؤس ٹیکس اور زیرو روڈ ٹیکس کا اعلان کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ کم از کم اس سے لوگوں کو کچھ راحت تو ملے گی۔ فلموں کو ٹیکس فری کرنے سے عام آدمی سے زیادہ فلمساز کو فائدہ ہوگا۔

دراصل بی جے پی نے ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کو لے کر سیاست تیز کر دی ہے۔ ٹیکس فری قرار دینے کا یوپی حکومت کا فیصلہ مغربی بنگال حکومت کے ذریعہ اس کی نمائش پر پابندی لگانے کے ٹھیک ایک دن بعد آیا۔ اتنا ہی نہیں، بی جے پی یوتھ وِنگ کے ریاستی جنرل سکریٹری ہرش وردھن نے ایودھیا میں 100 سے زیادہ خواتین کے لیے فلم کی مفت اسکریننگ کا انعقاد کیا اور اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تصویریں بھی اَپلوڈ کیں۔ اتر پردیش کے علاوہ مدھیہ پردیش میں بھی فلم کو ٹیکس فری کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔