جونپور میں شدید سڑک حادثہ، عقیدت مندوں سے بھری بس ٹریلر سے ٹکرائی، 4 کی موت، 9 شدید زخمی
یہ عقیدت مند ایودھیا میں درشن کے بعد بس سے وارانسی جا رہے تھے۔ جونپور کے لائن بازار تھانہ علاقے کے سیہی پور کے قریب ان کی بس ٹریلر سے ٹکرا گئی۔

اتر پردیش کے جونپور میں چھتیس گڑھ کے عقیدت مندوں سے بھری ایک بس شدید سڑک حادثے کا شکار ہو گئی۔ اس میں 4 افراد ہلاک جبکہ 9 افراد بُری طرح زخمی ہو گئے۔ یہ عقیدت مند ایودھیا میں درشن کے بعد بس سے وارانسی جا رہے تھے۔ جونپور کے لائن بازار تھانہ علاقے کے سیہی پور کے قریب ان کی بس ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ ٹکر ہوتے ہی وہاں پر لوگوں کی چیخ و پکار مچ گئی۔
اطلاع ملنے پر جائے حادثہ پر پہنچی پولیس ٹیم نے ایمبولنس بلا کر سبھی زخمیوں کو فوراً ضلع اسپتال پہنچایا۔ وہاں ڈاکٹروں نے 4 لوگوں کو مردہ قرار دے دیا۔ دیگر عقیدت مندوں کا علاج جاری ہے۔ 9 لوگوں کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر مسلسل ان کی نگرانی میں لگے ہوئے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ 50 عقیدت مندوں سے بھری بس وارانسی شری کاشی وشوناتھ کے درشن کے لیے جا رہی تھی۔ صبح میں قریب 3 بجے بس لائن بازار تھانہ علاقے کے سیہی پور میں پہنچی تھی۔ یہاں ٹریلر کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش میں بس شدید طور پر ٹکرا گئی۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر جونپور کے ضلع مجسٹریٹ دنیش چندر اور ایس پی ڈاکٹر کوستبھ نے بھی جائے حادثہ کا جائزہ لیا۔ دونوں نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی حالت دریافت کی۔ انہوں نے زخمیوں کے بہتر سے بہتر علاج کو یقینی بنانے کے لیے ڈاکٹروں سے بات کی۔ پولیس مہلوکین کے اہل خانہ کو واقعہ کی اطلاع دیتے ہوئے آگے کی کارروائی میں لگ گئی ہے۔
ایس پی جونپور کے مطابق حادثے کے بعد کچھ دیر کے لیے آمد و رفت رک گئی، جسے بعد میں اسے معمول پر لایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں ہلاک سبھی عقیدت مند چھتیس گڑھ کے رہنے والے ہیں جبکہ 9 افراد زخمی ہیں جن کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ گرفتار ٹریلر ڈرائیور سے پوچھ گچھ کے ساتھ معاملے کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔