بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر چمن لعل گپتا کا انتقال

حال ہی میں کورونا وائرس سے روبہ صحت ہونے والے چمن لعل گپتا کی عمر 86 برس تھی۔ ان کے پسماندگان میں دو بیٹے اور ایک بیٹی ہیں

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

یو این آئی

جموں: بھارتیہ جنتا پارٹی کے جموں و کشمیر یونٹ کے سینیئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر چمن لعل گپتا کا منگل کی صبح یہاں اپنی رہائش گاہ پر انتقال ہو گیا ہے۔ حال ہی میں کورونا وائرس سے روبہ صحت ہونے والے چمن لعل گپتا کی عمر 86 برس تھی۔ ان کے پسماندگان میں دو بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔

پارٹی ذرائع نے بتایا کہ چمن لعل گپتا کا حال ہی میں کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہیں کٹرہ میں واقع نارائنا سپر سپیشلٹی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا: 'کووڈ سے روبہ صحت ہونے کے بعد گپتا کو ہسپتال سے رخصت کیا گیا تھا'۔ان کا مزید کہنا تھا: 'افراد خانہ کے مطابق گپتا صاحب منگل کی صبح قریب پانچ بجے انتقال کر گئے ہیں'۔


چمن لعل گپتا جموں و کشمیر میں سیاست کے میدان میں قریب پانچ دہائیوں تک سرگرم رہے۔ اس دوران وہ ایک سے زیادہ مرتبہ بی جے پی کے ریاستی صدر و جنرل سکریٹری کے عہدوں کے لئے منتخب کئے گئے۔ چمن لعل گپتا نے کئی بار پارلیمانی و اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا اور کامیابی بھی حاصل کی۔ وہ 2002 سے 2004 تک مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع کے عہدے پر فائز رہے اور قبل ازیں فوڈ پروسیسنگ و سول ایوی ایشن کے وزیر بنائے گئے تھے۔

چمن لعل گپتا نے الہ آباد یونیورسٹی سے ایم ایس سی کیا تھا اور انہوں نے ہندی زبان میں کم از کم تین کتابیں لکھی ہیں۔ بی جے پی جموں و کشمیر کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کہا گیا ہے: 'جموں و کشمیر بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینیئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع پروفیسر چمن لعل گپتا جی ہمارے بیچ نہیں رہے۔


'آج صبح انہوں نے زندگی کی آخری سانسیں لیں۔ ایشور ان کی آتما کو شانتی دے اور ان کے خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت و ہمت عطا کرے'۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: 'سابق مرکزی وزیر پروفیسر چمن لعل گپتا کے انتقال کی خبر سے گہرا دکھ پہنچا ہے۔ وہ ایک قابل احترام عوامی شخصیت تھیں۔ ان کی رحلت ایک بہت بڑا نقصان ہے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔