ہریانہ کے نوح میں انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس سروس معطل، برج منڈل یاترا کو لے کر تمام اسکول بھی بند

ہریانہ کے نوح ضلع میں ہونے والی برج منڈل یاترا کے سلسلے میں انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ہریانہ کے نوح ضلع میں برج منڈل یاترا کے پیش نظر انٹرنیٹ اور بلک ایس ایم ایس خدمات کو معطل کر دیا گیا ہے۔ انٹرنیٹ خدمات 13 جولائی کی رات 9 بجے سے 14 جولائی کی رات 9 بجے تک یعنی 24 گھنٹے بند رہیں گی۔ ساتھ ہی بینکنگ اور موبائل ری چارج سے متعلق ایس ایم ایس کی سہولت پہلے کی طرح جاری رہے گی۔ یہ باضابطہ احکامات محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے امن و امان کے انتظام کے لیے جاری کیے ہیں۔

یہ فیصلہ نوح ضلع میں منعقد ہونے والی برج منڈل یاترا کے سلسلے میں سیکورٹی کے پیش نظر لیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی قسم کی افواہ یا غلط معلومات کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ 2 سال قبل برج منڈل یاترا کے دوران نوح ضلع میں فسادات ہوئے تھے، اس کے پیش نظر حکومت نے یہ سخت قدم اٹھایا ہے۔ برج منڈل یاترا پیر یعنی آج 14 جولائی کو نلہر شیو مندر میں شیو لنگ پر جل ابھیشیک کرنے کے لیے نکالی جا رہی ہے۔


انتظامیہ نے 14 جولائی کو نوح میں مجوزہ برج منڈل شوبھا یاترا کے لیے حفاظتی انتظامات سخت کر دیے ہیں۔ یاترا کے دوران تقریباً 2500 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ یہ اطلاع 11 جولائی کو جاری ایک سرکاری بیان میں دی گئی۔اس کے ساتھ ہی اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس میں پرائیویٹ اور سرکاری ا سکول دونوں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق برج منڈل یاترا کے روٹ پر سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 14 ڈی ایس پیز کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 28 چیک پوسٹیں بھی قائم کی گئی ہیں۔ ان چیک پوسٹوں پر آنے اور جانے والے افراد کی تلاشی کے ساتھ ساتھ ویڈیو گرافی بھی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی کے پیش نظر بم اسکواڈ، اسنفر ڈاگ، ماونٹڈ پولیس، کمانڈو فورس اور 21 ویڈیو کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں سے عوام کی ہر سرگرمی کو مانیٹر کیا جائے گا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔