پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد اوڈیشہ میں شری جگناتھ مندر کی سیکورٹی میں اضافہ
ریاست نے ابتدائی طور پر شری جگناتھ مندر کے لیے 1,083 پولیس اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن اب یہ تعداد بڑھ کر 1,200 ہو سکتی ہے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
اوڈیشہ حکومت نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد یہاں کے دنیا میں مشہور شری جگناتھ مندر میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیے ہیں۔ ریاستی حکومت نے چار مقدس دھاموں میں سے ایک سمجھے جانے والے اس اہم ہندو مندر کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک کمانڈنٹ، دو ڈپٹی کمانڈنٹ اور تین اسسٹنٹ کمانڈنٹ تعینات کیے ہیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس نے متعلقہ افسران کو 28 اپریل کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پوری ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ونیت اگروال نے ہفتہ کو صحافیوں کو بتایا کہ یہ افسر تین سال تک ڈیپوٹیشن پر رہیں گے۔ کمانڈنٹ کے علاوہ آٹھ انسپکٹرز، 31 سب انسپکٹرز اور 24 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سیکورٹی کو مضبوط بنانے، امن و قانون کو برقرار رکھنے اور درشن کے دوران عقیدت مندوں کے لیے قطار کے نظام کو ہموار کرنے کے لیے تعینات کیا جائے گا۔ وہ پریکرما راہداری کے ساتھ ساتھ گنڈیچا اور موسیما مندروں کی حفاظت کریں گے۔
ونیت اگروال نے کہا کہ انسداد دہشت گردی آپریشنز کا تجربہ رکھنے والے پولیس افسران کو آرمڈ پولیس بٹالین سے ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا جائے گا۔ ریاست نے ابتدائی طور پر شری جگناتھ مندر کے لیے 1,083 پولیس اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن اب یہ تعداد بڑھ کر 1,200 ہو سکتی ہے۔ اس خصوصی بٹالین کے لیے اہلکاروں کی بھرتی کا عمل پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔