دوسرا ٹیسٹ: شبھمن گل اور محمد سراج ڈیبیو کریں گے، جڈیجہ اور پنت کی واپسی

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے باکسنگ ڈے ٹسٹ سے سلامی بلے باز شبھمن گل اور تیز گیند باز محمد سراج اپنا ڈیبیو کریں گے جبکہ آل راونڈر رویندر جڈیجہ اور وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

میلبورن: ہندوستان نے ایڈیلیڈ ٹسٹ میں ملی زبردست شکست کے بعد آسٹریلیا کے خلاف سنیچر سے شروع ہونے والے دوسرے باکسنگ ڈے ٹسٹ کے لئے اپنی ٹیم میں زبردست تبدیلی کی ہے۔ سلامی بلے باز شبھمن گل اور تیزگیندباز محمدسراج اپنا ڈیبیو کریں گے جبکہ آل راونڈر رویندر جڈیجہ اور وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

ہندوستان کو ایڈیلیڈ میں پہلے ڈے نائٹ ٹسٹ میں آٹھ وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کی دوسری اننگز ٹسٹ تاریخ میں اپنے کمترین اسکور 36 رن پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ اس شرمندگی کی وجہ سے ٹیم انڈیا کو اپنی ٹیم میں چار تبدیلی کرنی پڑی ہے۔ سلامی بلے باز پرتھوی شاہ کو اپنی خراب کارکردگی کا نقصان اٹھانا پڑا ہے اور ان کی جگہ ٹیم میں نوجوان سلامی بلے باز گل کو موقع دیا گیا ہے۔

تیزگیندباز محمدشامی کے زخمی ہوکر سیریز سے باہر ہوجانے کی وجہ سے ان کی جگہ سراج کو ڈیبیو کرنے کا موقع دیا جارہاہے۔ اس طرح یہ دونوں کھلاڑی ہندوستان کے لئے ٹسٹ میں ڈیبیو کرنے والے 297 ویں اور 298 ویں کھلاڑی بنیں گے۔جڈیجہ اپنی چوٹ سے نجات حاصل کرچکے ہیں اور وہ گیندبازی اور بلے بازی میں ٹیم انڈیا کو مضبوطی دیں گے۔

پرتھوی شاہ کی طرح تجربہ کار وکٹ کیپر ردھمان ساہا کو بھی ایڈیلیڈ ٹسٹ میں مایوس کن کارکردگی کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ساہا کو باہر کرکے ان کی جگہ پنت کو موقع دیاگیا ہے۔ پنت نےپہلے ٹسٹ سے پہلے دوسرے ڈے۔نائٹ پریکٹس میں طوفانی بلے بازی کرتے ہوئےسنچری بنائی تھی۔ پنت کا اس سال کے شروع میں نیوزی لینڈ دورے کے بعد یہ پہلا بین الاقوامی میچ ہوگا۔


ہندوستان نے جہاں اپنی آخری الیون میں چار تبدیلی کی ہے وہیں آسٹریلیا کے کوچ جسٹن لینگر نے کہا کہ وہ باکسنگ ڈے ٹسٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کریں گے۔ ہندوستان کا پہلے ایڈیلڈ ٹسٹ میں شروع دو دن میں دبدبہ بنانے کے بعد تیسرے دن کا کھیل پوری طرح سے بکھر گیا تھا۔ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں 244 رن بنائے تھے اور آسٹریلیا کو 191 رن پر سمیٹ دیا تھا۔ حالانکہ آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں ہندوستانی فیلڈروں نے کچھ کیچ ڈراپ کئے تھے ورنہ اسے پہلی اننگز میں 100 رن سے زیادہ کہ سبقت مل جاتی جو فیصلہ کن ثابت ہوتی۔ لیکن ہندوستان کو 53 رن کی ہی سبقت ملی۔

ہندوستانی بلے بازوں نے تیسرے دن پہلے سیشن میں اپنی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم اپنی تاریخ کے سب سے کم اسکور 36 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ہندوستان کی 88 سالہ ٹیسٹ تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب کوئی بلے باز دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچا تھا۔ آسٹریلیا نے دو وکٹوں پر 93 رن بناکر آٹھ وکٹوں سے آسان فتح حاصل کی۔ ہندوستان کا اس شکست میں ایک بڑا نقصان یہ بھی ہوا کہ اس کے سرکردہ تیزگیندباز محمد شامی پیٹ کمنس کی باؤنسر سے زخمی ہوگئے اور وہ سیریز کے باقی میچوں سے باہر ہوگئے۔ہندوستان کی ناقص کارکردگی نے ٹیم مینجمنٹ کو اتنی تبدیلی لانے پر مجبور کیا۔ باقاعدہ کپتان وراٹ کوہلی کی جگہ رہانے ٹسٹ ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے مابین یہ 100 واں ٹیسٹ ہوگا اور رہانے کو اس 100 ویں ٹیسٹ میں کپتانی کرنے کا کریڈٹ جائے گا۔ رہانے اس تاریخی ٹیسٹ میچ میں ٹیم انڈیا کی واپسی کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہیں گے۔

سیریز میں برقرار رہنے کے لئے ہندوستان کو یہ ٹیسٹ میچ جیتنا ہوگا۔ ہندوستان نے 19-2018 کے گزشتہ دورے میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ کا مقابلہ 137 رنز سے جیتا تھا۔ اس بار کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں ہندوستان کو اپنی سابقہ ​​فتوحات سے تحریک حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی۔ ہندوستان نے اس امید میں چار تبدیلیاں کی ہیں کہ ٹیم اس میچ میں واپسی کر سکے۔


کپتان رہانے نے میچ سے قبل یہاں کہا کہ ٹیم پچھلی شکست کو فراموش کر چکی ہے اور وہ ایک یونٹ کے طور پر واپسی کے لئے تیار ہے۔ وراٹ کی عدم موجودگی میں ، رہانے کے مضبوط کندھوں پر اضافی ذمہ داری آگئی ہے کہ وہ ٹیم کو غیر ملکی سرزمین پر اپنی کارکردگی سے ٹیم کو جیت دلائیں۔

ہندوستان نے آخری بار 2011 میں ایک ہی ٹیسٹ میں دو یا دو سے زیادہ کھلاڑیوں کو ڈیبیو کرنے کا موقع دیا تھا جب وراٹ، پروین کمار اور ابھینیو مکند نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی مرتبہ ڈیبیو کیا تھا۔ سیریز کے بیچ میں ، ٹیم انڈیا کے الیون میں چار تبدیلیاں کرنے کا موقع اس سے قبل مہندرا سنگھ دھونی کی کپتانی میں آسٹریلیا کے دورے میں اس وقت آیا جب دھونی سیریز کے بیچ میں کپتانی چھوڑ کر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔