اسرائیل سے ہندوستانیوں کو لے کر بحفاظت دہلی پہنچی دوسری پرواز، 235 لوگوں کی وطن واپسی

ہندوستان نے اپنے شہریوں کو اسرائیل سے نکالنے کے لیے 'آپریشن اجے' شروع کیا ہے۔ جس کے تحت دوسری پرواز دہلی ایئرپورٹ پر اتری اور 235 افراد وطن واپس لوٹ آئے

<div class="paragraphs"><p>تصویر ٹوئٹر</p></div>

تصویر ٹوئٹر

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: اسرائیل اور حماس کی جاری جنگ کے درمیان ہندوستان نے اسرائیل سے ہندوستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے 'آپریشن اجے' شروع کیا ہے۔ انخلاء کے اس آپریشن کے تحت اسرائیل سے ہندوستانیوں کا دوسرا قافلہ دہلی پہنچ گیا ہے۔ ایک خصوصی طیارہ 235 ہندوستانی شہریوں کو لے کر دہلی پہنچا۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور راج کمار رنجن سنگھ شہریوں کے استقبال کے لیے ہوائی اڈے پر موجود تھے۔

ہندوستانی شہریوں کے دوسرے قافلہ میں دو نومولود بچوں سمیت 235 شہری شامل تھے۔ انہیں اسرائیل سے جمعہ (13 اکتوبر) کو بحفاظت باہر نکالا گیا تھا۔ مقامی وقت کے مطابق رات گیارہ بجے طیارے نے اسرائیل سے ٹیک آف کیا۔ اس سے ایک دن پہلے 212 ہندوستانیوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے ہندوستان لایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ ہندوستان نے جمعرات کو آپریشن اجے کا اعلان کیا۔ اس کا مقصد اسرائیل میں رہنے والے ہندوستانیوں کی محفوظ واپسی ہے۔ اس آپریشن کے ذریعے اسرائیل سے صرف ان لوگوں کو لایا جا رہا ہے، جو وہاں سے آنے کے لیے تیار ہیں۔


اسرائیل میں ہندوستانی سفارت خانے نے کہا ہے کہ ہندوستانی شہریوں کے انخلاء کا عمل ہفتہ (14 اکتوبر) کو بھی جاری رہے گا۔ سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’سفارت خانے نے آج خصوصی پرواز کے لیے رجسٹرڈ ہندوستانی شہریوں کے اگلے بیچ کو ای میل کیا ہے۔ بعد کی پروازوں کے لیے دوسرے رجسٹرڈ لوگوں کو ایک پیغام بھیجا جائے گا۔ مسافروں کا انتخاب 'پہلے آئیے پہلے پائیے' کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ اس کے لیے مسافروں کو اپنی معلومات سفارتخانے کے ڈیٹا بیس میں فیڈ کرنا ہوگی۔‘‘

اسرائیل میں رہنے والے ہندوستانیوں کی تعداد 18000 ہے۔ ان میں زیادہ تر طلباء، آئی ٹی پروفیشنلز اور ہیروں کے تاجر شامل ہیں۔ ہندوستان واپس آنے والے لوگوں کو واپس لانے کے اخراجات حکومت خود برداشت کر رہی ہے۔ ہندوستانی شہریوں کی وطن واپسی کی ضرورت اس لیے پیش آئی کیونکہ حماس کے غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر حملہ کے بعد وہاں جنگ کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔