حیدرآباد: رمضان کے دوسرے عشرے کا اختتام، مساجد میں خصوصی دعاؤں کا سلسلہ

مکہ مسجد میں امام مسجد حافظ محمد لطیف الدین قادری، مسجد صلاح الدین خان مغل پورہ میں خطیب مکہ مسجد حافظ رضوان قریشی اورمسجد حافظ ڈنکا میں حافظ مرتضی علی صوفی نے تین پاروں کو ختم کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: ماہ رمضان المبارک کے دوسرے مغفرت کے دہے کا اختتام ہوگیا۔ شہر حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد کے علاوہ دیگر مساجد اورفنکشن ہالس ودیگر مقامات پر تین پاروں کی تلاوت ہوئی۔ فرزندان توحید نے خشوع وخضوع کے ساتھ اس دوسرے دہے کو مکمل کیا۔

مکہ مسجد میں امام مسجد حافظ محمد لطیف الدین قادری، مسجد صلاح الدین خان مغل پورہ میں خطیب مکہ مسجد حافظ رضوان قریشی اورمسجد حافظ ڈنکا میں حافظ مرتضی علی صوفی نے تین پاروں کو ختم کیا۔


اس موقع پر مساجد میں رقت انگیز دعائیں بھی کی گئیں اور علماء نے درس قرآن، قرآن کی تلاوت کے آداب، تفہیم قرآن، قرآنی آیات میں مشابہت وفرق، قرآن اور ہماری زندگی، قرآن کی جامعیت و وسعت، قرآنی آیات، قرآنی فکر، احکامات قرآنی، قرآن کے اخلاقی احکام، مسلمانوں کے لئے احکامات قرآن، قرآن کا پیغام، قرآن کے طرز و انداز، قرآن وداعی کے اوصاف، قرآن وصحابہ کرام، قرآن وعصر حاضر کے درپیش چیالنجس جیسے اہم موضوعات پر اظہار خیال کیا اور مصلیوں نے اللہ کے حضور گڑگڑا کر دعائیں مانگیں۔

حیدرآباد: رمضان کے دوسرے عشرے کا اختتام، مساجد میں خصوصی دعاؤں کا سلسلہ

ساتھ ہی تمام کی صحت، سلامی، درازی عمر، ملک میں مسلمانوں کو درپیش مسائل کے حل اور امتیاز کے خاتمہ کے لئے بھی دعا کی گئی۔ کئی مقامات پر درس قرآن کی محافل کا بھی اہتمام کرتے ہوئے نزول قرآن کی عظمت، صاحب قرآن ﷺ کی عظمت کے ساتھ ساتھ مقاصد رمضان اور پیغام رمضان کی تشریح کی گئی۔


خصوصی وظائف، دعاؤں اور تہجد کا سلسلہ مساجد میں دوسرے دہے کے اختتام کے باوجود بھی جاری ہے۔ اس ماہ مقدس کی مناسبت سے مساجد میں علما نے زوردیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم متحد ہوجائیں اور اللہ تعالی کو راضی کرلیں تو نصرت الہی یقیناً ہم کو مل سکتی ہے اور ایک مرتبہ پھر پورے عالم میں ہمارا بول بالا ہوسکے گا۔ کئی شادی خانوں میں خواتین کے لئے بھی تراویج کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ساتھ ہی شہر کے شادی خانوں اور دیگر اہم تجارتی مراکز کے مقامات پر شبینہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔

اس ماہ مقدس میں خصوصی مجالس میں دعاؤں کا بھی سلسلہ جاری ہے جس میں اسلام کی سربلندی،عالم اسلام کے مسلمانوں کے جان ومال کے تحفظ بالخصوص عراق، شام، فلسطین، میانمار کے مظلوم مسلمانوں کی حفاظت، مسلمانوں کے عروج، ترقی، استعماری، طاغوتی طاقتوں کی سازشوں، ریشہ دوانیوں اور ناپاک منصوبوں سے پوری دنیا کے مسلمانوں کو محفوظ رکھنے، ایک مرتبہ پھر پوری دنیا پر مسلمانوں کے شاندار ماضی کی طرح اسلامی نظام کے قیام، اسلامی شعائر، اسلامی طرز زندگی اور خالق ارض وسماں کی رضا، نصرت الہی کے ذریعہ دنیا میں مسلمانوں کو نئے انقلاب کا نقیب بنانے کے لئے طویل دعائیں مانگی جارہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 May 2019, 11:10 PM