’ایس ڈی پے‘ پر 1211 کروڑ روپے کے ڈیجیٹل فراڈ کا سنگین الزام عائد، کانگریس نے مودی حکومت کو ٹھہرایا ذمہ دار
سرجے والا نے کہا کہ ’’ایس ڈی پے–اپنا پے ایک موبائل ایپ ہے، اس کے ذریعہ 1211 کروڑ روپے کا ڈیجیٹل پیمنٹ فراڈ کیا گیا ہے۔ اگر صحیح طرح جانچ کی جائے تو یہ دھوکہ دہی 3000 کروڑ روپے سے زیادہ کا نکلے گا۔‘‘

کانگریس نے آج ’ایس ڈی پے– اپنا پے‘ موبائل ایپ پر 1211 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ کانگریس نے پریس کانفرنس میں ڈیجیٹل پیمنٹ فراڈ سے متعلق کچھ اہم حقائق سامنے رکھ کر گجرات کی بی جے پی حکومت اور مرکز کی مودی حکومت کو اس کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ پریس کانفرنس میں کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری و گجرات ریاستی انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا اور گجرات کانگریس صدر امت چاؤڑا نے نامہ نگاروں کے سامنے اپنی باتیں رکھیں۔
سرجے والا نے نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایس ڈی پے یا ’اپنا پے‘ ایک موبائل ایپ ہے، اس کے ذریعہ 1211 کروڑ روپے کا ڈیجیٹل پیمنٹ فراڈ کیا گیا ہے۔ اگر صحیح طریقے سے اس کی جانچ کی جائے تو یہ دھوکہ دہی 3000 کروڑ روپے سے زیادہ کا نکل کر آئے گا۔‘‘ وہ آگے بتاتے ہیں کہ ’’2024 میں دھول پٹیل اور دیگر لوگوں نے ایس ڈی پے یا ’اپنا پے‘ کی شروعات کی اور پورے گجرات کو لوٹ لیا۔ یہ صاف ہے کہ اس دھوکہ دہی کے لیے براہ راست مودی حکومت اور گجرات کی بی جے پی حکومت ذمہ دار ہے۔‘‘ کانگریس لیڈر نے الزام عائد کیا کہ تقریباً 3 سال سے گجرات کے محنت کش لوگوں اور ملکی باشندوں کو لٹوانے کے بعد بی جے پی حکومت گہری نیند میں سوئی ہوئی ہے۔
سرجے والا نے ’ایس ڈی پے– اپنا پے‘ سے ہوئی مبینہ لوٹ معاملہ میں کچھ مثالیں بھی پیش کیں، جو اس طرح ہیں:
وڈودرا میں کالج جانے والے ایک نوجوان کی ٹیچر والدہ سے گھر فروخت کروا کر 9.5 لاکھ روپے ایپ میں سرمایہ کاری کروا دیے گئے
سریندر نگر کے ایک عام شخص کو جھانسہ دے کر اس کے اور اس کی بیوی کے نام پر الگ الگ 20 لاکھ روپے کا قرض دلوایا گیا۔ بیوی کے زیور رہن رکھ کر 20 لاکھ روپے کا قرض اور اٹھوایا گیا، پھر پورے 60 لاکھ روپے ایس ڈی پے میں لگوا دیے
کانگریس جنرل سکریٹری نے مذکورہ بالا 2 مثالیں پیش کرنے کے بعد کہا کہ ’’ان دونوں معاملوں میں سارا پیسہ ڈوب گیا اور ایسے تقریباً 6.5 لاکھ متاثرین ہیں، اور ان میں 75 فیصد لوگوں کا تعلق گجرات سے ہے۔‘‘ انھوں نے بتایا کہ ایس ڈی پے چلانے والا گروپ خود کو نیشنلسٹ بتاتا ہے اور ظاہر کرتا ہے کہ ان کے اس ایپ کا حکومت سے تعلق ہے۔ سرجے والا کا کہنا ہے کہ ’’لوٹ کا یہ کھلا کھیل 2024 سے چلتا رہا، لیکن گجرات کی بھوپیندر پٹیل حکومت اور مودی حکومت آنکھ بند کر بیٹھی رہی۔ اس معاملہ میں متاثرین کے ذریعہ ملک کے الگ الگ گوشوں میں اب تک 18 ایف آئی آر درج کروائی گئی ہیں اور لوگ اپنا پیسہ واپس پانے کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔‘‘
رندیپ سنگھ سرجے والا نے پریس کانفرنس میں حکومت کے سامنے 11 تلخ سوالات بھی رکھے، جو اس طرح ہیں:
3 سال سے چل رہے ڈیجیٹل پیمنٹ فراڈ کے دوران مودی اور گجرات حکومت نیند میں کیوں تھی؟
کیا اس فراڈ کے ملزمین کو حکومت کی طرف سے تحفظ دیا گیا ہے؟
کیا موبائل پیمنٹ ایپ سے جڑے ریگولیٹری اوورسائٹ، بینکنگ سپرویزن، ڈیجیٹل پیمنٹ ریگولیشن/انویسٹر پروٹیکشن اور مشتبہ لین دین پر نظر رکھنا حکومت کی ذمہ داری نہیں تھی؟
ایس ڈی پے یا اپنا پے کو کس کی سفارش پر مرکزی حکومت اور آر بی آئی نے لائسنس دیا؟
3 سال تک ڈیجیٹل پیمنٹ فراڈ چلتا رہا، ایسے میں مرکزی حکومت اور ایجنسیوں کو جانکاری کیوں نہیں ملی؟
ایس ڈی پے یا اپنا پے احمد آباد میں تشہیر اور مارکیٹنگ کر رہی تھی، ایسے میں گجرات حکومت کو اس کی جانکاری کیوں نہیں ملی؟
کیا مودی حکومت یا وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل بتائیں گے کہ عوام سے لوٹا گیا 1211 کروڑ روپے کہاں ہے؟
13 ایف آئی آر گجرات میں اور باقی ملک کے الگ الگ حصوں میں ہیں، تو اس کی جانچ صرف امریلی یا سریندر نگر کی پولیس کیسے کر پائے گی؟
مرکزی حکومت نے معاملہ سامنے آنے کے بعد اسے سی بی آئی کو کیوں نہیں سونپا؟ ای ڈی کی طرف سے منی لانڈرنگ کا کیس کیوں درج نہیں کیا گیا؟ کیوں سیریس فراڈ انوسٹیگیشن آفس کی طرف سے ایف آئی آر نہیں کی گئی؟
کیا مودی حکومت اور گجرات حکومت اسپیشل فنڈ بنا کر محنت کش لوگوں کا پیسہ واپس کرنے کی ذمہ داری لے گی؟
کیا مودی حکومت اور گجرات حکومت ریاست و ملک بھر میں چل رہے ایسے موبائل ایپس کے خلاف جانچ کا حکم دے گی، تاکہ کروڑوں ملکی باشندوں کے ساتھ مستقبل میں دھوکہ نہ ہو سکے؟
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گجرات کانگریس کے صدر امت چاؤڑا نے کہا کہ ’’گجرات اور ملک میں کئی سال سے ڈیجیٹل فراڈ کے نام پر لوگوں سے لوٹ چل رہی ہے۔ مودی حکومت اور وزارت داخلہ سائبر کرائم اور فراڈ کو روکنے کی بات کرتے ہیں، لیکن زمینی حقیقت کچھ الگ ہی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ایس ڈی پے– اپنا پے کے ذریعہ جن لوگوں کے ساتھ لوٹ ہوئی ہے، انھیں آج تک حکومت سے انصاف نہیں ملا، لیکن کانگریس پارٹی ان سبھی متاثرین کو انصاف دلا کر رہے گی۔‘‘
