دہلی میں جھلسا دینے والی گرمی کی شروعات، درجہ حرارت 39 ڈگری سے متجاوز
دہلی میں گرمی نے ریکارڈ توڑ دیا، 3 اپریل کو درجہ حرارت 39 ڈگری سے اوپر رہا۔ اگلے پانچ دن موسم صاف، درجہ حرارت 41 ڈگری تک جانے کی پیش گوئی، ہوا کا معیار بھی خراب رہا

نئی دہلی میں گرمی نے اپنا اثر دکھانا شروع کر دیا ہے۔ 3 اپریل بروز جمعرات، قومی راجدھانی میں اس موسم کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جو معمول سے پانچ ڈگری زیادہ تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ درجہ حرارت رواں سیزن کا سب سے اونچا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل 26 مارچ کو 38.9 ڈگری سیلسیس درج ہوا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں کم از کم درجہ حرارت 15.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے تین ڈگری کم ہے۔ دن میں نمی کا تناسب 22 فیصد سے 41 فیصد کے درمیان رہا۔
سفدرجنگ موسمیاتی مرکز کے مطابق دہلی میں 4 اور 5 اپریل کو تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ جمعہ کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری اور کم از کم 19 ڈگری سیلسیس رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دہلی میں 9 اپریل تک موسم صاف رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران درجہ حرارت بڑھ کر 41 ڈگری سیلسیس سے بھی تجاوز کر سکتا ہے جبکہ کم از کم درجہ حرارت 22 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔
یہ گرمی مارچ کے آخری ہفتے سے ہی محسوس کی جانے لگی تھی۔ اسی ہفتے میں درجہ حرارت 36.4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ چکا تھا، جو اس بات کا اشارہ تھا کہ اپریل میں موسم مزید سخت ہوگا۔
ادھر فضائی آلودگی کا مسئلہ بھی شدت اختیار کر گیا ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق جمعرات کی صبح 9 بجے دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 219 ریکارڈ کیا گیا، جو ’خراب‘ کی کیٹیگری میں آتا ہے۔
تاہم دہلی کی ایئر کوالٹی الرٹ سسٹم کے مطابق اگلے دو دنوں میں فضائی معیار میں بہتری متوقع ہے اور یہ ’درمیانے‘ درجے میں آ سکتا ہے۔ یاد رہے کہ 201 سے 300 کے درمیان اے کیو آئی کو ’خراب‘، 301 سے 400 تک ’بہت خراب‘ اور 401 سے 500 کے درمیان ’سنگین‘ کیٹیگری میں شمار کیا جاتا ہے۔
دہلی والوں کو اگلے کچھ دنوں میں سخت گرمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ لوگ دھوپ سے بچیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بزرگوں و بچوں کا خاص خیال رکھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔