دہلی میں جھلسانے والی گرمی، محکمہ موسمیات نے جاری کیا آرینج الرٹ، لوگوں کو احتیاط برتنے کی صلاح

محکمہ موسمیات کے مطابق راجدھانی میں لُو جیسی حالت ہے اور 12 جون سے پہلے راحت ملنے کی امید نہیں ہے۔ صحت ماہرین نے بزرگوں، بچوں اور قلب یا سانس کی بیماری والے لوگوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی صلاح دی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>شدید گرمی کی فائل تصویر</p></div>

شدید گرمی کی فائل تصویر

user

قومی آواز بیورو

دہلی میں شدید گرمی سے لوگوں کا حال بے حال ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 9 جون کو درجہ حرارت بھلے ہی 43.4 ڈگری سیلسیس درج ہوا لیکن جسم کو 48.9 ڈگری جیسی گرمی محسوس ہوئی۔ اس خطرناک گرمی کو دیکھتے ہوئے آئی ایم ڈی نے آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ ساتھ ہی لوگوں سے زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے کو کہا ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 27.6 ڈگری رہا اور نمی کی سطح 48 سے 25 فیصد کے درمیان درج کی گئی، جس سے گرمی مزید جھلسانے والی محسوس ہوئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ راجدھانی میں لُو کی حالت بنی ہوئی ہے اور کم سے کم 12 جون تک اس موسم سے کوئی خاص راحت نہیں ملنے والی۔ اگلے دو دنوں میں دن کا درجہ حرارت 44 ڈگری اور رات کا درجہ حرارت 28 ڈگری کے آس پاس رہ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ 20-30 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، لیکن ماہرین کا ماننا ہے کہ اس سے گرمی سے راحت نہیں ملے گی۔ ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری کے قریب پہنچ چکا ہے، جس میں ہسار، سرسا، روہتک اور دہلی کا آیا نگر علاقہ شامل ہے۔


دہلی میں مسلسل دوسری رات بھی گرم رہی جس سے لوگوں کو نیند میں پریشانی اور تھکاوٹ محسوس ہوئی۔ صحت ماہرین نے بزرگوں، بچوں اور قلب یا سانس کی بیماری والے لوگوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی صلاح دی ہے، کیونکہ ہیٹ اسٹروک اور ڈی ہائیڈریشن کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ حالانکہ محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ 12 جون سے کچھ حصوں میں ہلکی بارش اور گرج-چمک کے ساتھ چھینٹیں پڑ سکتے ہیں، جس سے کچھ وقت کے لیے راحت مل سکتی ہے۔ ساتھ ہی تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں جس کی رفتار 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ رہ سکتی ہے۔

بارش کے بعد دہلی میں اُمس بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جس سے لوگ پھر سے غیر آرام دہ محسوس کر سکتے ہیں۔ وہیں، آلودگی کی سطح بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ مرکزی مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق پیر کو شام چار بجے تک دہلی کا ایئر کوالیٹی انڈیکس 235 درج کیا گیا جو خراب زمرے میں آتا ہے۔ ماہرین نے صلاح دی ہے کہ شدید گرمی اور آلودگی کے اس خطرناک میل سے بچنے کے لیے لوگ دوپہر کے وقت گھروں میں ہی رہیں اور وافر مقدار میں پانی پئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔