جب تک کورونا کے حالات بہتر نہیں ہو جاتے اسکول نہیں کھولے جائیں گے: اروند کیجریوال

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ وہ بچوں کی اتنی ہی پروا کرتے ہیں جتنی ان کے والدین کرتے ہیں لہذا جب تک حکومت مطمئن نہیں ہو جائے گی اسکولوں کو نہیں کھولا جائے گا۔

دہلی: یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال / تصویر بشکریہ ٹوئٹر @AamAadmiParty
دہلی: یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال / تصویر بشکریہ ٹوئٹر @AamAadmiParty
user

عمران

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ہفتہ کے روز واضح کر دیا کہ دہلی حکومت اس وقت تک اسکولوں کو کھولنے کی اجازت نہیں دت گی جب تکہ راجدھانی میں کورونا وائرس سے پیدا شدہ حالات بہتر نہیں ہو جاتے۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ وہ بچوں کی اتنی ہی پروا کرتے ہیں جتنی ان کے والدین کرتے ہیں لہذا جب تک حکومت مطمئن نہیں ہو جائے گی اسکولوں کو نہیں کھولا جائے گا۔

دہلی سکریٹریٹ میں ہفتہ کے روز یومِ آزادی کی اپنی تقریر میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ قومی راجدھانی میں دو مہینے پہلے کے مقابلہ کووڈ19 کی صورت حال اب قابو میں ہیں۔ انہوں نے اس کے لئے مرکزی حکومت، کورونا جنگجوؤں اور مختلف تنظیموں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکولی بچوں کی حفاظت اور صحت عام آدمی پارٹی کی حکومت کے لئے انتہائی اہم ہے۔


وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا، ’’میں لوگوں سے ملتا رہتا ہوں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اسکول ابھی نہ کھولے جائیں۔ میں انہیں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم ان کے بچوں کی اتنی ہی پروا کرتے ہیں جتنی کہ وہ کرتے ہیں۔ جب تک ہم مطمئن نہیں ہو جاتے، ہم اسکول نہیں کھولنے جا رہے ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ اس سال دہلی حکومت نے کورونا کی وبا کے پیش نظر یوم آزادی کی تقریب دہلی سکریٹریت میں منعقد کی تھی۔ اس پہلے ہر سال یہ تقریب چھترسال اسٹیڈیم میں منعقد ہوتی چلی آ رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے یوم آزادی کے موقع پر لوگوں سے تین باتوں پر عمل کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلا زندگی میں کبھی بدعنوانی نہیں کریں گے، نہ رشوت لیں گے اور نہ دیں گے۔ دوسرے ہم ایسا کوئی کام نہیں کریں گے جس سے آلودگی میں اضافہ ہو۔ آلوگی پیدا کرکے ہم نہ صرف اپنے ہموطنوں کی جان سے کھیل رہے ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی جان بھی داؤ پر لگا رہے ہیں۔ تیسرا اپنے ملک کو صاف ستھرا رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جب اپنے گھر، اپنے ڈرائنگ روم میں کوڑا نہیں پھینکتے تو شہر کی سڑکوں پر اسے کیوں پھینک دیتے ہیں!


اروند کیجریوال نے کہا کہ ’’آج 15 اگست کے موقع پر ان تین باتوں پر عمل کرنے کا عہد کریں، تبھی ہم سوچ سکتے ہیں اور ان لوگوں کی قربانی کو بہتر طریقہ سے یاد کر سکتے ہیں جنہوں نے ہمیں آزادی دلائی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔