حزب اختلاف سیاست کر رہی ہے، ہم دیں گے مدد: بیجناتھ راوت کی متوفیہ دلت لڑکی  کی والدہ کو یقین دہانی

گزشتہ 27مارچ کی رات میں درگا گنج کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں ڈیوٹی کے دوران دلت لڑکی کی موت ہوگئی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

اترپردیش ایس سی/ایس ٹی کمیشن کے چیئرمین بیجناتھ راوت بدھ کو ضلع پرتاپ گڑھ کے تھانہ علاقہ رانی گنج کے موا ادھار گنج گاؤں میں متوفیہ دلت لڑکی کے گھر پہنچے اور متوفیہ کی ماں سے مل کر ہر ممکن مدد کا تیقن دیا۔

اہل خانہ سے تعزیت کے اظہار کے بعد پریس کانفرنس میں کمیشن کے چیئرمین بیجناتھ راوت نے متوفیہ دلت لڑکی کی ماں کو حکومت کے ذریعہ دی جانی والی مدد کی جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت متوفیہ کی ماں کو 8 لاکھ25 ہزار روپئے مالی مدد کے ساتھ 1بیگھا زمین کا پٹہ۔ ایک سرکاری آواس دے گی۔ پڑھائی کررہی متوفیہ کی بہن کو سرکار پڑھائی کا خرچ اور کنٹریکٹ پر نوکری بھی دے گی۔


انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹی کے لیڈر اس معاملے میں سیاست کررہے ہیں۔ سماج وادی پارٹی کی حکومت میں دلت بیٹیوں کے ساتھ مظالم ہوتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کر کے پورے معاملے کی جانکاری دیں گے اور اضافی مدد کا مطالبہ کریں گے۔ متوفیہ کی ماں اور اس کے کنبے کے ساتھ یوگی حکومت کھڑی ہے۔

راوت نے کہا کہ معاملے میں خاطی پائے جانے والے پولیس اہلکار کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 27مارچ کی رات میں درگا گنج کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں ڈیوٹی کے دوران دلت لڑکی کی موت ہوگئی تھی۔ متوفیہ کی ماں نے دوسرے دن تھانے پر تحریر دیا تھا جس میں انہوں نے اسپتال کے ڈاکٹر سمیت 6افراد پر بیٹی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے بعد قتل کا مقدمہ درج کرایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔