سپریم کورٹ کا ’آر او فلٹر‘ سے این جی ٹی کی پابندی ہٹانے سے انکار

جسٹس روہنگٹن فالی نریمن کی سربراہی میں قائم بنچ نے آر او بنانے والی کمپنیوں کو اپنی بات لے کر 10 دن کے اندر مرکزی حکومت کے پاس جا کر اپنا موقف رکھنے کی ہدایت دی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز دہلی میں آر او کے استعمال پر نیشنل گرین ٹریبیونل (این جی ٹی ) کی جانب سے عائد کی گئی پابندی کے معاملہ میں کسی طرح کی مداخلت کرنے سے انکار کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی عدالت عظمی نے آر او کمپنیوں سے کہا کہ وہ اپنی بات رکھنے کے لئے مرکزی حکومت سے رجوع کریں۔ جسٹس روہنگٹن فالی نریمن کی سربراہی میں قائم بنچ نے آر او بنانے والی کمپنیوں کو اپنی بات لے کر 10 دن کے اندر اندر مرکزی حکومت کے پاس جا کر اپنا موقف رکھنے کی ہدایت دی۔

عدالت عظمیٰ نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو اس بات کا بھی خیال رکھنا ہے کہ وہ این جی ٹی کے حکم اور آر او مینوفیکچررز کی باتوں کو بھی یاد رکھیں۔ این جی ٹی نے کہا تھا کہ دہلی کے ان علاقوں میں آر او فلٹر کا استعمال نہیں ہوگا جہاں پانی میں تحلیل شدہ ٹھوس مادے( ٹی ڈی ایس )کی مقدار 500 سے کم ہو گی۔


واٹرکوالٹی انڈیا ایسوسی ایشن نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرکے دہلی میں آر او فلٹر کے استعمال پر نیشنل گرین ٹریبیونل ( این جی ٹی) کی پابندی ہٹانے کی مانگ کی تھی۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ قومی معیار بیورو (بی آئی ایس) کی رپورٹ دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ دہلی کا پانی پینے کے قابل نہیں ہے۔ ایسے میں آر او کا استعمال نہ ہونے سے لوگ بیمار پڑ رہے ہیں۔

آر او مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وکیلوں نے کہا کہ آر او کا استعمال متعدد طبی مقاصد میں کیا جاتا ہے ، خاص طور پر ڈائیلاسس میں ، لیکن این جی ٹی نے مکمل طور پر آر او کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔ وکیل نے اپنے حقائق پیش کرتے ہوئے کہا ، ’’آر او پانی سے بڑے پیمانے پر نجاست کو دور کرتا ہے۔ یہ پانی کو صاف رکھنے میں مفید ہے۔‘‘ دریں اثنا، عدالت عظمیٰ نے مرکز ی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ کوئی بھی نوٹیفکیشن جاری کرنے سے پہلے ایسوسی ایشن کے دلائل پر غور کرے ۔ ایسوسی ایشن 10 دن کے اندر حکومت کے سامنے اپنے دلائل پیش کرے گی۔


این جی ٹی کا کیا حکم ہے؟

این جی ٹی نے 20 مئی 2019 کو دہلی میں ان مقامات پر آراو فلٹر کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کو کہا ہے جہاں پانی میں ٹی ڈی ایس (ٹوٹل ڈیزولو سالڈ) کی مقدار 500 ملی گرام فی لیٹر سے بھی کم ہے۔ نیز، معدنیات کے بغیر پانی کے مضر اثرات سے عوام کو آگاہ کرنے کے لئے این جی ٹی نے حکومت کو یہ بھی ہدایت دی کہ ملک بھر میں جہاں بھی آر او کے استعمال کی اجازت ہے وہاں پر 60 فیصد سے زیادہ پانی کو دوبارہ استعمال کیا جانا لازمی قرار دیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔