سعودی عرب: عید الفطر پر نجی شعبے کی 23 سے 26 مئی تک چار تعطیلات کا اعلان

توقع کی جاتی ہے کہ سعودی عرب میں 22 مئی کو رمضان کا آخری روزہ ہوگا۔ اس شام چاند نظرآنے کی صورت میں 23 مئی کو نجی شعبے کے ملازمین کی پہلی چھٹی ہوگی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سعودی عرب نے نجی شعبے کے ملازمین کے لیے عید الفطر کی چار تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ سعودی وزارت برائے انسانی وسائل اور سماجی ترقی کے ایک اعلامیے کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات ہفتہ 23 مئی سے منگل 26 مئی تک ہوں گی۔

عید الفطر کی چھٹیوں کا انحصار شوّال المکرم کے چاند کی رؤیت پر ہوتا ہے۔ یہ توقع کی جاتی ہے کہ سعودی عرب میں 22 مئی کو رمضان کا آخری روزہ ہوگا۔ اس شام چاند نظرآنے کی صورت میں 23 مئی کو نجی شعبے کے ملازمین کی پہلی چھٹی ہوگی۔

لیکن سعودی عرب میں نجی شعبے کے بیشتر ملازمین جمعہ کو کام نہیں کرتے ہیں۔اس طرح ان کی عید پر پانچ چھٹیاں ہوجائیں گی۔ سعودی حکومت نے سرکاری شعبے کے ملازمین کے لیے پہلے ہی سولہ چھٹیوں کا اعلان کررکھا ہے۔ وہ 15 مئی سے 31 مئی تک عید کی چھٹیاں کریں گے جبکہ بہت سے سرکاری ملازمین کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے ہی اپنے گھروں سے کام کررہے ہیں۔


پڑوسی ملک متحدہ عرب امارات نے عید الفطر پر سرکاری شعبے کے ملازمین کے لیے 22 مئی جمعہ سے پانچ چھٹیوں کا اعلان کیا ہے۔ وہ بدھ 27 مئی کو دوبارہ کام پر آئیں گے۔ یو اے ای میں نجی شعبہ بالعموم سرکاری تاریخوں کے مطابق ہی عید کی چھٹیاں کرتا ہے۔تاہم نجی شعبے کے ملازمین کی چھٹیوں میں دو ایک دن کی کمی وبیشی بھی ہوسکتی ہے۔

(العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 May 2020, 3:40 PM