سعودی عرب نے قندیل بلوچ کے قتل میں ملوث بھائی کو پاکستان کے حوالے کیا

قندیل بلوچ کے قتل کی وجہ بیان کرتے ہوئے مجرم محمد وسیم کا کہنا تھا اسے سوشل میڈیا پر اپنی بہن کی قابل اعتراض تصاویر اور وڈیوز کسی طور قابل قبول نہ تھیں لہذا اس نے تنگ آ کر قندیل کی جان لے لی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

چند برس قبل اندوہناک طریقے سے قتل کی جانے والی پاکستانی سوشل میڈیا اسٹار قندیل بلوچ کے بھائی کو سعودی انٹرپول نے بدھ کے روز گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مظفر اقبال کو، جو اپنی فیشن ماڈل بہن کے قتل میں ملوث ہونے کے سبب پاکستانی انٹرپول کو مطلوب تھا، پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق مظفر نے اپنے ایک بھائی محمد وسیم کو اکسایا تھا کہ وہ قندیل بلوچ کو قتل کر دے۔ یاد رہے کہ جولائی 2016 میں 26 سالہ قندیل بلوچ کے بھائی محمد وسیم نے اپنی بہن کا گلا گھونٹ کر اسے موت کی نیند سلا دیا تھا۔ گزشتہ برس ستمبر میں پاکستانی عدالت نے قندیل بلوچ کا قتل ثابت ہونے پر محمد وسیم کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔


مجرم نے گرفتاری کے چند روز بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ اپنے کیے پر ہر گز نادم نہیں۔ قندیل بلوچ کے قتل کی وجہ بیان کرتے ہوئے محمد وسیم کا کہنا تھا اسے سوشل میڈیا پر اپنی بہن کی قابل اعتراض تصاویر اور وڈیوز کسی طور قابل قبول نہ تھیں لہذا اس نے تنگ آ کر قندیل کی جان لے لی۔

واضح رہے کہ اس جرم کے تین ماہ بعد پاکستانی پارلیمنٹ کی جانب سے ایک نیا قانون منظور کیا گیا۔ اس قانون کے تحت ’’غیرت کے نام پر قتل‘‘ کے مرتکب افراد کے لیے عمر قید کی سزا مقرر کی گئی۔

(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔