ستیندر جین کی حالت بگڑی، ڈی ڈی یو اسپتال سے ایل این جے پی منتقل، فی الحال آکسیجن سپورٹ پر

ستیندر جین آج صبح چکر کھا کر گر گئے تھے، آواز سن کر سیکورٹی اہلکار فوراً پہنچے اور آناً فاناً میں ان کو دین دیال اسپتال پہنچایا گیا، طبیعت زیادہ بگڑنے پر انھیں ایل این جے پی منتقل کیا گیا۔

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین / تصویر یو این آئی
دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین / تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

دہلی حکومت میں وزیر رہ چکے ستیندر جین کی طبیعت اچانک زیادہ خراب ہو گئی ہے۔ آج صبح پہلے سویرے طبیعت خراب ہونے کے بعد پہلے تو انھیں دین دیال اپادھیائے (ڈی ڈی یو) اسپتال میں داخل کرایا گیا، لیکن دوپہر تک حالت سنگین ہونے پر انھیں آکسیجن سپورٹ پر رکھ دیا گیا اور آناً فاناً میں ایل این جے پی اسپتال منتقل کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ستیندر جین تہاڑ جیل میں آج صبح باتھ روم میں چکر کھا کر گر گئے تھے۔ ان کے گرنے کی آواز سن کر سیکورٹی اہلکار فوراً پہنچے اور آناً فاناً میں ان کو دین دیال اسپتال پہنچایا گیا۔ اس سے قبل بھی ستیندر جین باتھ روم میں گرے تھے اور انھیں ریڑھ کی ہڈی میں سنگین چوٹ پہنچی تھی۔ گزشتہ ایک ہفتہ میں یہ دوسری بار ہے جب ستیندر جین کو اسپتال میں داخل کرانا پڑا ہے۔


ایل این جے پی میں ستیندر جین کا علاج چل رہا ہے اور احتیاطی طور پر ان کے سبھی ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ ستیندر جین کی اسپائن سرجری بھی ہونی ہے۔ اسپائن میں پرابلم کی وجہ سے وہ کمر میں بیلٹ پہنتے ہیں۔ ان کی صحت لگاتار خراب ہو رہی ہے اور اس سلسلے میں ان کے وکیل نے عدالت میں بھی تذکرہ کیا ہے۔ یہ بھی خبر سامنے آئی ہے کہ ستیندر جین کا وزن جیل میں پینتیس کلوگرام تک کم ہو گیا ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجوہات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ ستیندر جین اپنے جین مذہب پر سختی سے عمل کرتے ہیں۔ جین مذہب میں مندر جائے بغیر پکا ہوا کھانا نہیں لے سکتے ہیں۔ اسی وجہ سے جیل میں وہ صرف کچی سبزیاں، پھل اور ڈرائی فروٹس کھا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔