ستارا میں خاتون ڈاکٹر کی خودکشی: نانا پٹولے کا وزیر اعظم مودی کو خط، سی بی آئی جانچ کا مطالبہ
مہاراشٹر کے ستارا میں خاتون ڈاکٹر کی خودکشی کے بعد نانا پٹولے نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ اہل خانہ نے ذہنی اذیت اور ہراسانی کے سنگین الزامات لگائے ہیں

ممبئی: مہاراشٹر کے ستارا ضلع میں ایک خاتون ڈاکٹر کی خودکشی کے واقعے نے ریاست بھر میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد عوام کے ساتھ ساتھ طبی برادری میں بھی شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ مہاراشٹر کانگریس کے سابق صدر اور موجودہ رکن اسمبلی نانا پٹولے نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر اس واقعے کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سے پہلے راہل گاندھی بھی اس معاملہ میں انصاف کا مطالبہ کر چکے ہیں۔
نانا پٹولے نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ’’یہ واقعہ نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ متعلقہ خاتون ڈاکٹر ایک ایماندار، محنتی اور عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار طبی ماہر تھیں لیکن انہیں اپنے کام کی جگہ پر ذہنی اذیت اور توہین کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث انہوں نے انتہائی قدم اٹھایا۔‘‘
پٹولے نے مزید کہا کہ خاتون ڈاکٹر کی موت کے بعد ان کے اہل خانہ اور مقامی ڈاکٹروں کی تنظیموں نے سنگین الزامات عائد کیے ہیں کہ انہیں طویل عرصے سے نفسیاتی دباؤ اور ہراسانی کا سامنا تھا۔ ان الزامات نے نہ صرف مقامی انتظامیہ پر سوال اٹھا دیے ہیں بلکہ ریاست بھر کے طبی عملے میں بھی شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد مہاراشٹر کے مختلف حصوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے نے احتجاجی مظاہرے کیے ہیں اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈاکٹروں کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ جب تک انصاف نہیں ملتا، احتجاجی مظاہرے جاری رہیں گے۔
کانگریس لیڈر نے اپنے خط میں یہ بھی لکھا کہ اگرچہ ریاستی حکومت نے ابتدائی سطح پر تفتیش شروع کر دی ہے، لیکن اس معاملے میں بعض اعلیٰ افسران کے ملوث ہونے کے شبہات ہیں۔ ایسے میں ریاستی تفتیش سے انصاف کی مکمل ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ نانا پٹولے کے مطابق، صرف ایک آزاد، شفاف اور غیر جانب دار ادارہ جیسے کہ سی بی آئی ہی اصل حقائق کو سامنے لا سکتا ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ ذاتی طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اور مرکزی ایجنسی کے ذریعے مکمل تفتیش کے احکامات جاری کریں تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔ فی الحال، ریاستی پولیس اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور طبی برادری کا کہنا ہے کہ اگر اس کیس میں شفاف تفتیش نہ ہوئی تو نہ صرف انصاف میں تاخیر ہوگی بلکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔