مودی حکومت کا تیسرا دور ناکام، ملک کو کمزور اور لاچار بنایا گیا: سنجے راؤت

سنجے راؤت نے مودی حکومت کے تیسرے دور کو ناکام قرار دیا۔ خارجہ پالیسی، سکیورٹی اور بنیادی سہولیات پر سوال اٹھائے، کہا کہ ملک کمزور ہوا، حکومت ہر محاذ پر ناکام رہی

<div class="paragraphs"><p>سنجے راؤت / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

شیو سینا (یو بی ٹی) کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا رکن سنجے راوت نے منگل کے روز وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا تیسرا دور آغاز سے ہی ناکام نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت نے گزشتہ دس سالوں میں ملک کو کمزور، لاچار اور عالمی سطح پر غیر مؤثر بنا دیا ہے۔

سنجے راوت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، "وزیر اعظم نریندر مودی کا تیسرا دور شروع ہو چکا ہے، مگر پہلے ہی سال میں کوئی نمایاں کامیابی نظر نہیں آئی۔ صرف سیٹوں کی سیاست تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، 240 پر آ کر رُک گئے۔ باقی سب وعدے اور منصوبے ادھورے رہ گئے۔"

انہوں نے کہا کہ ’’یہ سال بظاہر 'بے مثال' قرار دیا جا رہا ہے، لیکن زمینی حقیقت کچھ اور ہے۔ گزشتہ دس سالوں میں ملک کی سمت اور حالت بگڑ چکی ہے۔ اس سال 26 خواتین بیوہ ہو گئیں، مگر وزیر اعظم خاموش ہیں۔‘‘


راوت نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کئی بار جنگ کے بیانات دیے گئے، لیکن عملی اقدام کوئی نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا، "70 سال میں ہندوستان نے کبھی اتنی بے بسی محسوس نہیں کی جتنی اب ہو رہی ہے۔ ملک چھوٹے چھوٹے ممالک کے سامنے جھک رہا ہے، حتیٰ کہ کینیڈا کے آگے بھی۔"

ان کا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کو چین، روس، ترکی، آذربائیجان، امریکہ، آئی ایم ایف اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی حمایت حاصل ہوئی ہے، لیکن ہندوستان اس کا مؤثر جواب دینے میں ناکام رہا۔

سنجے راوت نے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کا مطالبہ بھی دہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی نے پاکستان کو چار حصوں میں تقسیم کرنے اور اس کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی مانگ کی تھی، لیکن مرکزی حکومت نے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے سرکاری وفود صرف سیاسی تشہیر کے مقصد سے بھیجے جا رہے ہیں، نہ کہ کسی ٹھوس سفارتی نتائج کے لیے۔ راوت نے اعلان کیا کہ وہ جلد ہی مرکزی وزرا اور ان وفود کے اراکین سے ملاقات کر کے ان کا فیڈ بیک حاصل کریں گے۔


ریلوے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے سنجے راوت نے ممبئی-احمد آباد بلیٹ ٹرین پر بھاری بجٹ خرچ ہونے پر اعتراض کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عام لوگوں کی روزمرہ آمدورفت کے لیے ضروری لوکل ٹرینوں کی حالت خستہ ہے، لیکن حکومت کی ترجیح امیروں کے لیے بلیٹ ٹرین ہے، جو کہ بنیادی سہولتوں اور سکیورٹی کے ساتھ ناانصافی ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ حکومت تمام محاذوں پر ناکام رہی ہے، چاہے وہ خارجہ پالیسی ہو یا عوامی سہولیات، ہر جگہ صرف دعوے ہیں، حقیقت میں کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔