سندھیا تھیٹر بھگدڑ معاملہ: اَلو ارجن کو تلنگانہ ہائی کورٹ نے دی راحت بھری خبر، عبوری ضمانت دینے کا فیصلہ
ہائی کورٹ کی طرف سے اَلو ارجن کو عبوری ضمانت دینے کا فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب انھیں ذیلی عدالت نے 14 دنوں کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔

اَلو ارجن، تصویر ’ایکس‘ (@alluarjun)
جنوبی ہند کے سپر اسٹار اَلو ارجن کو آج پولیس نے سندھیا تھیٹر بھگدڑ معاملے میں گرفتار کر لیا تھا، لیکن اب انھیں ضمانت پر رِہائی مل گئی ہے۔ حیدر آباد کے سندھیا تھیٹر میں گزشتہ 4 دسمبر کو فلم ’پشپا 2‘ کی اسکریننگ ہوئی تھی۔ اس اسکریننگ کے دوران اَلو ارجن بھی وہاں موجود تھے اور ان کو دیکھنے کے لیے جمع بھیڑ میں بھگدڑ مچ گئی تھی۔ اس بھگدڑ میں ایک خاتون کی موت ہو گئی تھی۔ اسی معاملے میں پولیس نے آج گرفتار کر ان سے پوچھ تاچھ کی تھی۔ بعد میں انھیں ذیلی عدالت نے 14 دنوں کی عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔ لیکن تازہ ترین خبروں کے مطابق انھیں تلنگانہ ہائی کورٹ نے عبوری ضمانت دے دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تلنگانہ ہائی کورٹ نے اَلو ارجن کو راحت دیتے ہوئے عبوری ضمانت پر رِہا کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب بھگدڑ معاملے میں ذیلی عدالت نے الو ارجن کو 14 دنوں کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔ اس خبر سے اَلو ارجن کے چاہنے والوں میں زبردست ناراضگی دیکھنے کو مل رہی تھی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ہیش ٹیگ ’وی اسٹینڈ وِتھ الو ارجن‘ (ہم الو ارجن کے ساتھ کھڑے ہیں) ٹرینڈ بھی کرنے لگا۔ بہرحال، اب ہائی کورٹ نے انھیں عبوری ضمانت دے دی ہے، جس سے ان کے چاہنے والوں نے بھی راحت کی سانس لی ہے۔
واضح رہے کہ 4 دسمبر کو فلم ’پشپا 2‘ کی اسکرینگ کے دوران سندھیا تھیٹر میں مچی بھگدڑ کے دوران نہ صرف ایک خاتون کی موت ہوئی تھی، بلکہ 4 دیگر لوگ زخمی بھی ہوئے تھے۔ اس حادثہ کے بعد شکایت درج کی گئی تھی اور اسی ضمن میں جمعہ کی صبح الو ارجن کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ اس گرفتاری کے بعد ہی فوری قدم اٹھاتے ہوئے اَلو ارجن نے ہائی کورٹ میں ضمانت عرضی داخل کر فوری سماعت کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کی اس عرضی پر سماعت ہوئی اور عبوری ضمانت بھی مل گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔