سمجھوتہ ایکسپریس: اسیمانند کی بریت پر پاکستان کا احتجاج، ہندوستان نے الزامات کئے خارج

سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ معاملہ میں عدالت سے بدھ کو تمام ملزمین کو بری کئے جانے کے کچھ ہی گھنٹے بعد پاکستان نے اسلام میں آباد ہندستانی ہائی کمشنر اجے بساریا کو طلب کرکے اپنا احتجاج درج کرایا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اسلام آباد: سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ معاملہ میں ہریانہ کے پنچکولہ کی ایک عدالت سے بدھ کو تمام ملزمین کو بری کئے جانے کے کچھ ہی گھنٹے بعد پاکستان نے اسلام میں آباد ہندستانی ہائی کمشنر اجے بساریا کو طلب کرکے اپنا احتجاج درج کرایا۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے یہاں کہا کہ کارگزار خارجہ سکریٹری نے ہندستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا اور 2007کے سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ معاملہ میں سوامی اسیمانند سمیت تمام چار ملزمین کو ہریانہ میں پنچکولہ کی قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) کی خصوصی عدالت سے بری کئے جانے پر احتجاج درج کرایا۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے کہاکہ سمجھوتہ ایکسپریس دہشت گردانہ حملہ کے ملزمین کو گیارہ برس بعد بری کیا جانا انصاف کا ایک ’مذاق‘ ہے۔ این آئی ایس کے وکیل رنجن ملہوترا کے مطابق سوامی اسیمانند ، لوکیش شرما، کمل چوہان اور راجندر چودھری کو پنچکولہ کی خصوصی عدالت نے بری کردیا ۔ ہریانہ پولس نے یہ معاملہ درج کیا تھا کہ جسے جولائی 2010میں این آئی اے کو منتقل کردیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 18فروری ، 2007 کو دہلی سے پاکستان کے لاہور جارہی سمجھوتہ ایکسپریس میں ہریانہ کے پانی پت کے نزدیک دھماکہ ہوا تھا جس میں 68لوگوں کی موت ہوگئی تھی اور 12لوگ زخمی ہوئے تھے۔ مرنے والوں اور زخمی ہونے والوں میں بیشتر پاکستانی شہری تھے۔ ان میں 16 بچے اور چار ریلوے کے ملازمین بھی شامل تھے۔

سمجھوتہ دھماکہ معاملہ میں ہندستان نے پاکستان کے الزامات کو خارج کیا

ادھر، سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ کے فیصلے پر پاکستان کے ’احتجاج‘ درج کرانے پر حکومت کے ذرائع نے بدھ کو بتایا کہ اس معاملہ میں ہندستانی عدلیہ اور عدالتی نظام نے ’شفاف طریقہ‘ سے قانون کے مناسب طریقہ کار پر عمل کیا ہے۔

ہندستانی ہائی کمشنر اجے بساریا کو پاکستانی وزارت خارجہ کی طرف سے طلب کئے جانے پر ذرائع نے بتایا کہ ہندستانی ہائی کمشنر نے پاکستان کے الزامات کو خارج کردیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بساریا نے ہندستانی عدلیہ اور عدالتی نظام کے ذریعہ شفاف طریقہ سے قانون پر عمل کئے جانے پر روشنی ڈالی۔ بساریا نے معاملے میں پاکستان حکومت کی طرف سے پاکستانی گواہوں کے عدالت میں پیش ہونے میں تعاون میں کمی کے تعلق سے بتایا۔

پاکستان کی طرف سے جیش محمد اور دہشت گرد تنظیموں اور لوگوں کے خلاف قابل اعتماد اور ٹھوس قدم اٹھانا ابھی بھی باقی ہے جبکہ پلوامہ حملے کے تعلق سے تفصیلات شیئر کی گئی ہیں۔

ہندستانی ہائی کمشنر نے 26/11کے ممبئی دہشت گردانہ حملے میں جلد مقدمہ چلانے کے لئے کہا جس میں پاکستان کوکافی ثبوت دئے گئے ہیں۔ بساریا نے ان معاملات کی سماعت کی رفتار پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ مجرم اور اہم ملزم پاکستان میں کھل عام گھوم رہے ہیں۔ ہندستانی ہائی کمشنر نے فضائیہ کے پٹھان کو ٹ ہوائی اڈہ پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کی جانچ کی رفتار پر بھی تشویش ظاہر کی ۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔