دہلی ان لاک: سلون اور ہفتہ واری بازار کھلنے کی توقع، جانیں اور کیا رعایتیں دی جا سکتی ہیں؟

چیمبر آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری نے 14 جون سے سلون اور جِم کھولے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے دہلی حکومت کو ایک خط ارسال کیا ہے

لاک ڈاؤن دہلی / آئی اے این ایس
لاک ڈاؤن دہلی / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں کورونا کے معاملوں میں لگاتار کمی واقع ہونے اور صورت حال کے بہتر ہونے کے پیش نظر اگلے ہفتے سے سلون اور ویکلی بازاروں کو کھلنے کی اجازت فراہم کی جا سکتی ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے گزشتہ ہفتہ بازار، مال اور میٹروں کو کھولنے کا اعلان کیا اور کہا تھا کہ اگر راجدھانی میں کورونا کی صورت حال بہتر رہی تو آنے والے دنوں میں کئی طرح کی سرگرمیوں کو شروع کرنے کی اجازت فراہم کر دی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق دہلی حکومت کی جانب سے اگلے ہفتہ سے سلون اور ہفتہ واری بازاروں کو کھلونے کی جازت جیسی رعایات فراہم کی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ جِم، سنیما گھروں اور ریسترانوں کو کھلونے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

راجدھانی میں کورونا کے معاملوں میں کمی کے پیش نظر حکومت نے لاک ڈاؤن کے تحت نافذ پابندیوں کو 31 مئی سے بتدریج اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں اور کارخانوں کو کھولنے کی اجازت فراہم کی تھی۔


دہلی حکومت کے ہیلتھ بلیٹن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 213 نئے معاملے درج کئے گئے جبکہ 25 مریض لقمہ اجل بن گئے۔ وہیں اس کے مطالبق انفیکشن کی شرح گھٹ کر 0.3 فیصد ہو گئی ہے۔

چیمبر آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (سی ٹی آئی) نے سلون اور جِموں کو پھر سے کھلنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سی ٹی آئی کے چیئرمین برجیشن گوئل نے کہا ہے کہ سلون اور جموں کو کھولنے کے مطالبہ پر دہلی حکومت اور دہلی آفت انتظامی اتھارٹی کو خط لکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقہ سے تقریباً 15 لاکھ لوگوں کا ذریعہ معاش وابستہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔